بوائے فرینڈ کی تصویر شیئر کرنے پر مقدمہ دائر

مشہور ماڈل کے خلاف 2کروڑ 35لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 17 ستمبر 2019 05:54

بوائے فرینڈ کی تصویر شیئر کرنے پر مقدمہ دائر
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2019ء)   انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں افیئر اور سکینڈل نہ ہوں تو اس کی رنگینی بھی پھیکی پڑ جائے۔یہی وجہ ہے کہ ہر دوسری ماڈل و اداکارہ چاہے کسی بھی ملک کی ہو اپنے مبینہ معاشقوں کی وجہ سے خبروں کی زیت بنتی رہتی ہیں۔جی جی حدید کا شمار بھی انہی ماڈلز میں ہوتا ہے جن کاایک معاشقہ ابھی ختم نہیں ہوا ہوتا کہ دوسرا منظر عام پر آ جاتا ہے۔

مگر اب کی بار اپنے وہ ایک عاشق کی وجہ سے عدالت کے دروازے تک پہنچنے کے لیے تیار ہوچکی ہیں۔فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل 24 سالہ جی جی حدید ہمیشہ ہی اپنے فیشن اور معاشقوں کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔خبریں ہیں کہ ان دنوں جی جی حدید کے 26 سالہ امریکی ماڈل ٹیلر کیمرون کے ساتھ تعلقات ہیں اور انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جی جی حدید کو نئے شخص سے تعلقات استوار کرنے کے وقت میں پرانے بوائے فرینڈ کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرنے پر کم سے کم پاکستانی 2 کروڑ 35 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا ہے۔

جی جی حدید پر ایک امریکی فوٹوگرافر نے ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔شوبز ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ کے مطابق جی جی حدید پر اپنے ہی سابق بوائے فرینڈ پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار و لکھاری زین ملک کی تصویر شیئر کرنے کا الزام ہے۔رپورٹ کے مطابق زین ملک کی تصویر کے حقوق امریکی فوٹوگرافر کے پاس تھے اور جی جی حدید نے مالکانہ حقوق حاصل کیے بغیر اپنے سابق بوائے فرینڈ کی تصویر کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کردیا تھا۔

جی جی حدید کی جانب سے زین ملک کی تصویر کو انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے بعد فوٹوگرافر رابرٹ اونیل نے سپر ماڈل پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔فوٹوگرافر رابرٹ اونیل نے جی جی حدید کے خلاف نیویارک کی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان پر ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔فوٹوگرافر نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں سپر ماڈل سے زین ملک کی تصویر کو مالکانہ حقوق لیے بغیر شیئر کرنے پر 2 کروڑ 35 لاکھ روپے دلوائے جائیں۔

دوسری جانب اپنے خلاف مقدمہ دائر ہونے کے بعد تاحال جی جی حدید نے کوئی بیان نہیں دیا۔خیال رہے کہ زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان 2015 سے مارچ 2018 تک تعلقات رہے اور دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔دونوں ایک دوسرے سے سرعام محبت کا اظہار بھی کرتے رہے تھے اور دونوں کی منگنی کی خبریں بھی تھیں، تاہم اچانک دونوں نے مارچ 2018 میں ایک دوسرے سے الگ ہونے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔تاہم دیکھتے ہیں کہ جی جی حدید کے خلاف اس مقدمے کا کیا فیصلہ آتا ہے۔