Live Updates

وزیراعظم کے خاص دوست عون چوہدری کی برطرفی اور کیفے ایلانتو پر چھاپے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

کیفے ایلانتو میں جو پارٹی جاری تھی وہ مبینہ طور پر عون چوہدری کے اعزاز میں دی گئی تھی۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 ستمبر 2019 10:47

وزیراعظم کے خاص دوست عون چوہدری کی برطرفی اور کیفے ایلانتو پر چھاپے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کے خاص دوست عون چوہدری کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہوئیں اور حکومتی حلقوں میں تو یہاں تک کہا جا رہا تھا کہ اگر عون چوہدری ، جو کہ وزیراعظم عمران خان کے خاص دوستوں میں سے ایک ہیں، کو اس طرح عہدے سے برطرف کیا جا سکتا ہے تو پھر ہم کس کھیت کی مولی ہیں؟ سیاسی مبصرین نے بھی عون چوہدری کی اس طرح اچانک ہونے والی برطرفی کو خاص اہمیت دے رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کو مستعفی ہونے کا موقع دیا گیا جب کہ عون چوہدری کو برطرف کیا گیا۔

انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ سات ستمبر کی رات لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر کیفے ایلانتو پر چھاپہ مار کر غیر ملکی شراب کی بھاری مقدار پکڑی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مذکورہ کیفے میں جو پارٹی جاری تھی وہ مبینہ طور پر عون چوہدری کے اعزاز میں دی گئی تھی۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی آمد سے کچھ ہی دیر پہلے عون چوہدری کو اپنے ذرائع سے اس کارروائی کی اطلاع مل گئی اور وہ جلدی میں وہاں سے روانہ ہو گئے۔

بعد ازاں سیاسی دباؤ کی وجہ سے چھاپہ مارنے والے ایکسائز افسر مسعود بشیر وڑائچ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا لیکن کیفے سے گرفتار ہونے والے تیرہ افراد کی زبانی اس دعوت کی تفصیلات مقتدر حلقوں تک پہنچ چکی تھیں۔ چنانچہ عون چوہدری کو ان کے عہدے پر برقرار رکھنا ممکن نہ رہا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عون چوہدری کو کام نہ کرنے کے الزام پر ہٹایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عون چوہدری اپنی ذمہ داریوں کے لئے وقت نہیں نکال پا رہے تھے اسی لیے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات