مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات

وفد کو معاشی استحکام اور ریونیو میں اضافے کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 17 ستمبر 2019 13:25

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 ستمبر۔2019ء) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے ملاقات کی ہے، مشیر خزانہ نے وفد کو معاشی استحکام کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی. تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ سے ملاقات کی‘ آئی ایم ایف وفد کی قیادت ڈائریکٹر مڈل ایسٹ جہاد اظہور کر رہے ہیں پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے مشن ہیڈ ارنسٹو رمیز ریگو بھی وفد میں شامل ہیں.

ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور قرض پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا‘مشیر خزانہ نے وفد کو معاشی استحکام کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی.

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران مشیر خزانہ نے بتایا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ اور تجارتی خسارے میں کمی آرہی ہے، رواں سال نان ٹیکس ریونیو کی مد میں ایک ہزار ارب حاصل ہونے کا امکان ہے‘انہوں نے بتایا کہ سرکاری اداروں کے نقصانات میں کمی کے لیے نجکاری کو تیز کیا جائے گا، نجکاری کی فعال فہرست میں مزید 10 ادارے شامل کیے گئے ہیں.

مشیر خزانہ نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی اور محصولات میں اضافہ کیا جائے گا، موجودہ سال معاشی ترقی کا ہدف پورا کیا جائے گا. خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا، وفد معاشی مشاورت کے لیے پاکستان پہنچا ہے جہاں وہ معاشی اصلاحات پر پاکستان کو تجاویز دے گا اور بجٹ اہداف کے حصول میں بھی معاونت فراہم کرے گا. واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا 8 رکنی وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا‘وفد کی آمد کے موقع پر حکومت نے بجلی اور گیس صارفین سے 85 ارب روپے کے اضافی ریونیو کے لیے اقدامات تیز کردیے اور ٹیکس اکٹھا کرنے میں خلا کو پر کرنے کے لیے روڈ میپ کو بہتر بنانے کے کام کا بھی آغاز کردیا‘آئی ایم ایف کے وفد کا یہ دورہ دونوں جانب سے ”معمول“ کا دورہ قرار دیا جارہا ہے.

وزارت خزانہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ وفد اور مشن چیف برائے پاکستان شیڈول کے مطابق یہاں پروگرام کی نظر ثانی کے لیے موجود ہیں.گزشتہ روز بھی وفد نے وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور وفاقی بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی سے ملاقاتیں کی تھیں. دورے کے شیڈول کے مطابق وفد 20 ستمبر تک پاکستان میں ہی رہے گا، ایک اور حکام کا کہنا تھا کہ وفد کی ڈاکٹر حفیظ شیخ اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، پلاننگ کمیشن کے حکام اور وزیر اقتصادی امور حماد اظہر اور ان کی ٹیم سے ملاقات ہوگی.

وفد اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے لیے کراچی جانے سے قبل نیشنل الیکٹرونک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرپرسنز اور اراکین سے بھی ملاقاتیں کرے گا. وفد سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت چلنے والی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ سے بھی ملاقات کرے گا.