ڈاکٹریاسمین راشدکی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کے حوالہ سے سیمینار میں شرکت

مریضوں کاخیال رکھناڈاکٹرزکی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے، انسان کیلئے ہرآنے والا نیادن سیکھنے کاموقع دیتاہے، حکومتی سطح پرمریضوں کے بہترین علاج معالجہ کیلئے ٹھو س اقدامات کیے جارہے ہیں،صوبائی وزیرصحت کاسیمینارسے خطاب

منگل 17 ستمبر 2019 17:42

ڈاکٹریاسمین راشدکی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ..
لاہور۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے کے حوالہ سے منعقدہ پہلے سیمینار میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پروائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعامرزمان خان، صوبائی فوکل پرسن پنجاب پیشنٹ سیفٹی پروگرام ڈاکٹرحسین جعفری، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹرجاوید ،میڈیکل طالبات اورفیکلٹی ممبران کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی اہم موضوع پرسیمینارمیں مدعوکرنے پروائس چانسلراورحسین جعفری کی شکرگزارہوں۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ ڈاکٹرکومریضوں کابہترین علاج معالجہ کرکے اپنامسیحائی کردار ادا کرناچاہئے،مریضوں کاخیال رکھناڈاکٹرزکی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے،پاکستان میں ڈاکٹرزکی غفلت کی وجہ سے مریض کی جان خطرے میںپڑنے کے کئی واقعات سامنے آتے ہیں، مریض کے علاج معالجہ سے پہلے ہسٹری لیناانتہائی اہم عمل ہوتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرناقابل فخرہے، انسان کیلئے ہرآنے والا نیادن سیکھنے کاموقع دیتاہے۔ صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ مریضوں کے محفوظ علاج معالجہ کویقینی بنانے کیلئے حکومتی سطح پراقدامات اٹھائے جارہے ہیں، پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھ کرمریضوں کومحفوظ ماحول مہیاکیاجارہاہے جبکہ ڈاکٹرزکی معمولی غفلت کسی مریض کی موت کاباعث بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکومریضوں کے محفوظ علاج معالجہ پرایس اوپی پرسوفیصدعمل درآمدکرنے پرہدایت کی گئی ہے۔اس موقع پر صوبائی فوکل پرسن ڈاکٹر حسین جعفری نے سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیرصحت کا انتہائی اہم موضوع پرسیمینارانعقادکروانے پرشکریہ اداکرتے ہیں۔ ڈاکٹرحسین جعفری نے کہاکہ پاکستان میں گلوبل پیشنٹ سیفٹی ڈے ہرسال منایاجائے گا۔ مریض کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی غفلت بھی مریض کی جان کوخطرے میں مبتلاکرسکتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹرجاویدنے سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی اہم موضوع پرسیمینارمنعقدکروانے پروزیرصحت، وائس چانسلراورڈاکٹرحسین جعفری کومبارکباددیتاہوں۔