848آسامیاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کو منتقل،نوٹیفکیشن جاری

پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی،پروفیسر خالد محمود

منگل 17 ستمبر 2019 18:02

لاہور۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ کو 848آسامیوں کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کے زیر انتظام سپرد کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ،اس سلسلے میں سامنے آنے والے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ فوری طور پر ان مختلف شعبوں کے گریڈ 1سے لے کر20تک ملازمین و افسران کا تمام تر انتظامی کنٹرول اب پی جی ایم آئی ، ایل جی ایچ یا امیر الدین میڈیکل کالج کے پرنسپل کی بجائے پی آئی این ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے پاس ہوگا اور وہی ان کی تنخواہوں ، چھٹیوں و دیگر معاملات کے ذمہ دار ہوں گے،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی این ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ اس ادارے کو ماضی میں مالی و انتظامی خود مختاری مل چکی ہے لیکن ملازمین کی ورکنگ کا اختیار ملنا باقی تھا جس کے بعد اب نیورو انسٹی ٹیوٹ ہر لحاظ سے خود مختار ادارہ بن گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ادارے کو سالانہ بجٹ بھی مل رہا ہے اور انشاء اللہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق دماغی امراض کے اس سب سے بڑے ادارے میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،پروفیسر خالد محمود نے بتایا کہ یہ848ملازمین لاہور جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں میں فرائض سر انجام دے رہے تھے جن میں ڈاکٹرز، نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ شامل ہے،ان احکامات کے جاری ہونے کے بعد اب کسی قسم کا ابہام باقی نہیں ہے اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز بہتر شفافیت کے ساتھ ذمہ دارانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے آگے بڑھے گا۔