سیالکوٹ سٹی ٹورسٹ بس سروس کا آغاز کردیا گیا

سیاحت کے فروغ کیلئے اپنی طرز کے اس منفرد منصوبے کی تکمیل پر مجموعی طور پر تقریبا 3کروڑ روپے خرچ ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 ستمبر 2019 18:10

سیالکوٹ سٹی ٹورسٹ بس سروس کا آغاز کردیا گیا
سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،17ستمبر 2019ء ، نمائندہ خصوصی، رحمان یوسف) سیالکوٹ سٹی ٹورسٹ بس سروس کا آغاز کردیا گیا. صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق, صوبائی وزیر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب میاں محمد خالد،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محبوب الہی،آر پی او گوجرانوالہ طارق عباس قریشی, رہنما تحریک انصاف عمر ڈار, ڈی پی او کیپٹن (ر) مستنصر فیروز, رہنما ق لیگ چودھری چودھری سلیم بریار، میاں امین احسن اور خاور انور خواجہ کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب میں شرکت کی. ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر نے کہا کہ سیالکوٹ ٹورسٹ بس اپنی نوعیت کا منفرد پرائیویٹ منصوبہ ہے جس کو کاروباری طبقہ اپنی نگرانی میں اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا ہے۔

(جاری ہے)

سیاحت کے فروغ کیلئے اپنی طرز کے اس منفرد منصوبے کی تکمیل پر مجموعی طور پر تقریبا 3کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ جس میں ماسٹر ٹرمینل ، 16ہالٹنگ پوائنٹس اور ہیڈ مرالہ پہ ہالٹنگ پوائنٹ بمعہ تفریحی ریزارٹ کی تعمیر کے علاوہ ایک ناکارہ بس کو ڈبل ڈیکر میں نئے سرے سے تیاری شامل ہے۔ یہ تمام اخراجات براہ ِ راست سیالکوٹ کے مختلف مخیر حضرات اور بزنس کمیونٹی نے رضاکاررانہ طور پر اٹھائے ہیں اور اپنی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کے ویژن کے مطابق مکمل کروائے ہیں۔

مزید یہ کہ اس پراجیکٹ پر وفاقی، صوبائی یا ضلعی حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا کیونکہ نہ تو یہ سرکاری ترقیاتی اسکیم تھی اور نہ ہی اس کیلئے کوئی بجٹ مختص تھا۔ بعد ازاں ٹورسٹ بس کے ٹرمینل کا بس کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا اور مہمانان گرامی نے ٹور بس پر شہر کا دورہ کیا اور آخر میں سیالکوٹ انڈسٹریل ہیریٹیج میوزیم کا بھی دورہ کیا۔ ڈی سی نے مہانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ انڈسٹریل ہیریٹیج میوزیم ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا میوزیم ہے جس میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والے بین الاقوامی معیار کی چمڑے کی مصنوعات, آلات جراحی اور کھیلوں کے سامان کو ڈسپلے کیا گیا ہے۔