منشیات کے استعمال سے نہ صرف افراد بلکہ خاندان اور معاشرے پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں،

لوگوں کو منشیات سے بچانے کا بہترین طریقہ اس کی سمگلنگ روکنا ہے، حکومت منشیات کی روک تھام کے لئے انقلابی اقدام کر رہی ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مصنوعی ذہانت کے مقامی طور پر تیار کردہ منصوبے ’’امان‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 17 ستمبر 2019 19:11

منشیات کے استعمال سے نہ صرف افراد بلکہ خاندان اور معاشرے پر سنگین اثرات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال سے نہ صرف افراد بلکہ خاندان اور معاشرے پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں، لوگوں کو منشیات سے بچانے کا بہترین طریقہ اس کی سمگلنگ روکنا ہے، حکومت منشیات کی روک تھام کے لئے انقلابی اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مصنوعی ذہانت کے مقامی طور پر تیار کردہ منصوبے ’’امان‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا میں منشیات کی مہلک ترین اقسام بنائی جا رہی ہیں اور اس لعنت کے باعث ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، لہذا اس کے تدارک کے لئے مربوط کاوشیں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد دیگر برائیوں میں بھی ملوث ہو جاتے ہیں جن میں چوری سب سے عام برائی ہے لہذا اس سے نہ صرف ایک فرد متاثر ہوتا ہے بلکہ خاندانوں کے خاندان بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں جس کو دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو منشیات سے بچانے کا بہترین طریقہ منشیات کی سمگلنگ روکنا ہے، یہ امر خوش آئند ہے کہ حکومت منشیات کی روک تھام کے لئے انقلابی اقدام کر رہی ہے۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار آفریدی نے بھی خطاب کیا اور ’’امان‘‘ منصوبے کے خدوخال بیان کئے۔