غلام نبی آزاد کو مقبوضہ کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت،

بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، فیصلے سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوگئی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے نویں اجلاس سے خطاب

منگل 17 ستمبر 2019 19:11

غلام نبی آزاد کو مقبوضہ کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، فیصلے سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوگئی ہے۔یہ باتیں انہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں منعقدہ مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے نویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابقہ خارجہ سیکریٹریز،سفراء، ماہرین بین الاقوامی تعلقات سمیت وزارت خارجہ کے سینیر حکام نے شرکت کی۔وزیر خارجہ نے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ ء جنیوا اور اس دوران ہونیوالے اعلیٰ سطحی روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے جاری مشترکہ بیان میں اٹھاون ممالک کی واضح حمایت کا سامنے آنا پاکستان کے لیے اور باالخصوص نہتے کشمیریوں کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے ۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں معصوم انسان گذشتہ تینتالیس روز سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ علاقوں کے دورے کی اجازت کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہوئی۔اجلاس میں رواں ماہ کے آخری عشرے میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی مشاورت کی گئی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے معصوم انسانوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔