Live Updates

پی ٹی آئی پنجاب کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شریک رہنمائوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری

منگل 17 ستمبر 2019 20:22

لاہور۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منگل کے روز منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا‘کانفرنس کے اختتام پر شریک رہنمائوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ کانفرنس موجودہ بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے اور عالمی برادری، بالخصوص حقوق انسانی کی تنظیمات، سے اپیل کرتی ہے کہ مظلوم، دلیر اور غیور کشمیری عوام پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل جاری بربریت کا فی الفورنوٹس لیتے ہوئے کرفیو ہٹانے اور خوراک و ادویات کی بلا تاخیر فراہمی کا بندوبست کیا جائے‘ یہ کانفرنس اقوام متحدہ کی قرار دادوں، بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادی کے لئے کشمیر میں فوری طور پر استصواب رائے کروانے کا مطالبہ کرتی ہے‘ یہ کانفرنس وزیراعظم عمران خان کی زیرِقیادت حکومت اور ریاست پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر ٹھوس، بے خوف اور مجاہدانہ پالیسی، شاندار سفارت کاری اور بین الاقوامی سطح پر اٹھائے گئے تمام اقدامات کی بھرپور انداز میں پذیرائی کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ ہر سطح پر حکومت اور افواج پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام تر اقدامات پر پوری قوم کی طرح شانہ بشانہ کھڑی ہے‘یہ کانفرنس مطالبہ کرتی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے آزاد جموں کشمیر سے اہل اور صاحب الرائے افراد, پاکستان سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں مہارت رکھنے والے دانشور, پارلیمنٹ کے اراکین کو دنیا بھر میں ایک یکساں موقف دے کر کشمیر کا سفیر بنا کر بھیجا جائے تا کہ وہ دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو طاقتور دلائل کے ساتھ اجاگر کرسکیں‘مختلف چینلز استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر بشمول بھارت کے معتدل اور راست فکر رکھنے والے اہل دانش شخصیات تک رسائی حاصل کی جائے اور کشمیر کے انسانی مسئلہ پر بھارت کے اندر سے بھی مودی سرکار پر دباؤ بڑھایا جائے‘ملک بھر کے تعلیمی اداروں، مساجد ، سماجی، سیاسی تنظیموں اور دیگر فورمز میں کشمیر پر مباحثوں اور خطابات کو تسلسل سے جاری رکھا جائے تاکہ قوم میں اس حوالے سے شعور بیدار رہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات