شریف فیملی کیلئے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث چار ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

منگل 17 ستمبر 2019 20:22

لاہور۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) احتساب عدالت لاہورنے شریف فیملی کیلئے مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کیس میں ملوث چار ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزہ توسیع کرتے ہوئے دوبارہ یکم اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا،احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی،ملزمان میں قاسم قیوم، فضل داد، آفتاب محمود اور شاہد رفیق شامل ہیں، گذشتہ روز عدالت کے روبرو نیب تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ان کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیخالف تین ملزمان وعدہ معاف گواہ بھی بن چکے ہیں ،ملزم مشتاق چینی، شاہد رفیق اور آفتاب محمود نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان قلمبند کروائے جبکہ قاسم قیوم منی چینجر کا کاروبار کرتا تھا، قاسم قیوم نے غیر قانونی طور پر شہباز شریف , حمزہ اور سلمان وغیرہ کے اکائونٹ میں ڈالرز اور درہم منتقل کئے، فضل داد شہباز شریف کا پرانا ملازم ہے، فضل داد مختلف لوگوں سے رقوم جمع کر کے قاسم قیوم کو پہنچاتا تھا، قاسم قیوم مشکوک بینک ٹرانزیکشنز سے یہ رقوم شہبازشریف کے خاندان کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتا تھا۔