سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘{‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

منگل 17 ستمبر 2019 21:35

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں طالبات نے کشمیر کی صورتحال سے متعلق ایک ٹیبلو بھی پیش کیا اور شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہاکہ کشمیر پر بھارت نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے ہم خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کشمیر کے حریت پسندوں کو جنہوں نے تمام تر جبر و تشدد کے باوجود اپنی جدوجہد ترک نہیں کی اور اب جبکہ مودی حکومت نے کرفیو لگا یا ہے اس کو بھی چالیس دن سے زائد ہوگئے ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں کشمیریوں کی صبر و استقامت کو انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتیں کس دن کا انتظار کررہی ہیں وہ بھارت کو مجبور کیوں نہیں کررہی ہیں کہ وہ کشمیریوں کو آزادی دے اور اقوام متحدہ یہاں رائے شماری کرائے انہوں نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کے شاگرد اور اساتذہ کشمیریوں کے ساتھ اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں جاری انٹریونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا نام بھی شہداء کشمیر کرکٹ ٹورنامنٹ رکھا گیا ہے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے پروفیسر ادریس شر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا وہ تقسیم ہند کے فارمولہ کے تحت کشمیر کا حصہ تھا اور اب کشمیری مسلمانوں کی مثالی جدوجہد اور قربانیوں سے جلد ہی آزاد ہو کر ہمارا حصہ بنے گا پاکستان یوتھ کونسل کے چیئرمین عتیق راجہ نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ کشمیر میں ظلم کی انتہا ہو چکی ہے میں پاکستانی کی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتاہوں جو اپنے بھائیوں کے لیے ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار ہیں -