کائنات حفیظ کے شاندار 82رنز نے پی سی بی بلاسٹرز کو فتح دلادی

سنسنی خیز مقابلے کے بعد چیلنجرز کو 1 وکٹ سے شکست

منگل 17 ستمبر 2019 20:02

کائنات حفیظ کے شاندار 82رنز نے پی سی بی بلاسٹرز کو فتح دلادی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2019ء) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں پی سی بی بلاسٹرز نے پی سی بی چیلنجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے دی۔ لاہور جمخانہ کلب گراوٴنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے کائنات حفیظ نے شاندار 82 رنز بنائے۔پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سعدیہ اقبال کی 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنا رائیگاں رہا۔



 میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے کائنات حفیظ نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے92گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 89.13 کی اوسط سے رنز بنائے۔ کائنات حفیظ کی اننگز میں 11 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ اوپنر عائشہ ظفر 25 اور آلراوٴنڈر عالیہ ریاض 23 رنز بناکر نمایاں رہیں جبکہ کپتان رامین شمیم نے آخری اوورز میں زمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 20 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلادی۔

(جاری ہے)

پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 10 اوورز میں 27 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ حفصہ امجد نے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاجو کارگر ثابت نہ ہوسکا۔ ٹیم کی دونوں اوپنرز 12 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئیں۔

کپتان بسمعہ معروف بھی حریف باوٴلرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکیں۔ وہ 33 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئیں۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔لوئر آرڈر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ارم جاوید نے 32نتالیہ پرویز نے 29 اور ڈیانا بیگ نے 27 رنز بنائے۔پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض نے 10 اوورز میں 41 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔الماس اکرم، طوبہٰ حسن اور نشرہ سندھو نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایونٹ کا دوسرا میچ18 ستمبر کو پی سی بی بلاسٹرز اور پی سی بی ڈائنامائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔