ایف بی آر نے کراچی میں جاری انفارمیشن ٹیکنالوجی وزراء کے فورم کے موقع پر سہولیات کی فراہمی کیلئے بوتھ قائم کر دیا

منگل 17 ستمبر 2019 21:59

ایف بی آر نے کراچی میں جاری انفارمیشن ٹیکنالوجی وزراء کے فورم کے موقع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے شہر قائد کراچی میں جاری انفارمیشن ٹیکنالوجی وزراء کے فورم کے موقع پر سہولیات کی فراہمی کیلئے بوتھ قائم کر دیا ہے۔ فورم آئی سی ٹی این ایشیاء کے زیراہمتام منعقد ہو رہا ہے۔ ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق سہولت بوتھ کے قیام کا مقصد صنعت سے وابستہ افراد، نوجوانوں اور کاروباری طبقات کو ان اقدامات سے آگاہ کرنا ہے جو ایف بی آر نے ملک میں کاروبار میں آسانیوں، ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اور تجارت کے فروغ کیلئے اٹھائے ہیں۔

ایف بی آر کے ممبر فیٹ مصطفیٰ سجادحسن اور چیف فیٹ تہمینہ عامر سہولت بوتھ میں ایف بی آر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق بوتھ کے قیام کا ایک مقصد ٹیکس دہندگان ، تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل اور چیلینجز بارے معلومات اور آراء کا حصول اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرنا بھی ہے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کا عملہ اس دوران تجارت، صنعت اور کاروبار کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اورکسی غلط فہمی کا ازالہ کرے گا۔

بوتھ کے ذریعے شرکاء کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے موبائل ایپ، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے خودکار نظام، متبادل ٹیکس ادائیگی کے طریقہ، فاسٹر نظام کے تحت سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی سمیت دیگر اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ بوتھ کے ذریعے تاجروں، صنعتکاروں اور نوجوانوں کی قیمتی آراء لی جائے گی اور اسے ایف بی آر کے اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا۔