بھارتی فورسز کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے رات میں دکانیں نذر آتش کرنے لگی

منگل 17 ستمبر 2019 22:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میںقابض بھارتی فورسز نے لوگوں کو خوفزدہ کرنے اور تحریک آزادی سے ان کی توجہ ہٹانے کے لیے اب بازاروں کو نذرآتش کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بڈگام کی تحصیل بیروہ میں گذشتہ 15 روز کے دوران ایسی پراسرار وارداتوں میں 15 دکانیںنذرآتش کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بیروہ قصبے کے بس اڈے میں 12 دکانیں خاکستر کردی گئی ہیں جن میں زیادہ تر پھل فروشوں کی تھیں۔ اس سے پہلے اسی بازار میں تین الگ الگ واقعات میں غلام محمد رنگروٹ، پرویز احمد وازہ اور مشتاق احمد بٹ کی دکانیں جلائی گئیں۔ پے درپے پیش آنے والے ان واقعات کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت پھیل گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کی سڑکیں اور بازار مکمل طور پر بھارتی فورسز کے کنٹرول میں ہیںجبکہ د ن کے اوقات میں بھی لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے اور یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ بھارتی فورسز کے سوا کوئی دوسرا یہ واقعات انجام دے سکے ۔