بڑے مسائل کا حل اتحاد امت میں مضمر ہے،

کشمیر میں بھارتی مظالم اور سعودی عرب پر حملوں کی کونسل مذمت کرتی ہے، اتحاد امت کیلئے علماء کونسل کا 8 رکنی وفد جلد مسلم ممالک کا دورہ کرے گا، حرمین کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیار ہے،پاکستان علماء کونسل نے ملکی ترقی، اتحاد اور امن و امان کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین محمد طاہر اشرفی کی پریس کانفرنس

منگل 17 ستمبر 2019 22:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بڑے مسائل کا حل اتحاد امت میں مضمر ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم اور سعودی عرب پر حملوں کی کونسل مذمت کرتی ہے، اتحاد امت کیلئے علماء کونسل کا 8 رکنی وفد جلد مسلم ممالک کا دورہ کرے گا، حرمین کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان علماء کونسل کے دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ملکی ترقی، اتحاد اور امن و امان کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 44 دن سے بھارتی فوج کے کرفیو سے کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہے، وہاں کے عوام کا آپس میں کوئی رابطہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مسلم ممالک کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر یک آواز ہونا ہو گا اور عالمی برادری و بھارت پر دبائو بڑھانا ہو گا تاکہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی تنصیبات پر حملوں سے امت مسلمہ غمزدہ ہے اور یہ مسئلہ عالمی فورم پر اٹھایا جانا چاہئے تاکہ حملوں میں ملوث گروہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو جمعہ کے خطبات کے دوران مساجد میں مسئلہ کشمیر اور سعودی عرب پر حملوں کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے پاکستان علماء کونسل کا وفد جلد مختلف مسلم ممالک کا دورہ کرے گا اور وہاں کے قائدین علماء و مشائخ کو لائن آف کنٹرول پر دورہ کی دعوت دے گا تاکہ ان کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امت محمدی چند اشخاص کی سوچ کا نہیں بلکہ ایک ارب 70 کروڑ کلمہ گو افراد کا نام ہے۔