ٴ لاہور گھریلو ناچاقی پر مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی ناک کاٹ دی

سجاد احمد نامی شخص نے اپنی زوجہ شازیہ کا سر بھی مونڈھ دیا اور اسے ربر کے پائپ سے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ لاتیں اور گھونسے بھی مارے، موقع سے فرار بھی ہوگیا

منگل 17 ستمبر 2019 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا کے تھانے کی حدود میں ایک آدمی نے گھریلو ناچاقی پر مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی ناک کاٹ دی۔اس کے ساتھ سجاد احمد نامی شخص نے اپنی زوجہ شازیہ کا سر بھی مونڈھ دیا اور اسے ربر کے پائپ سے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ لاتیں اور گھونسے بھی مارے۔

رپورٹ کے مطابق سجاد کے گھر سے شازیہ اور اس کے چھوٹے بچوں کی چیخ و پکار کی آواز سن کر پڑوسی جائے واردات پر پہنچے، جہاں بچے اپنی ماں کی زخمی حالت دیکھ کر بری طرح سہمے ہوئے تھے۔خیال رہے کہ شازیہ اور سجاد احمد 4 بیٹیوں اور 2 بیٹوں سمیت اپنے 6 بچوں کے ہمراہ ستارہ کالونی میں رہائش پذیر تھے۔چنانچہ پڑوسیوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر شازیہ کو بچایا اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد لہو لہان خاتون کو لاہور کے جنرل ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پڑوسیوں نے پولیس کو بتایا کہ سجاد احمد اکثر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بناتے تھے اور انہیں معمولی جھگڑوں پر پائپوں اور لوہے کی سلاخوں سے پیٹا کرتے تھے، جس پر متعدد مرتبہ پڑوسیوں نے مداخلت بھی کی۔اس سلسلے میں ایک ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ تشدد کا شکار خاتون کو چہرے کی پیچیدہ سرجری کرنے کے لیے ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے، جس میں انہیں مصنوعی ناک لگائی جائے گی۔

دوسری جانب شازیہ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر کے قریب ہی اپنی بیٹی کے سسرال گئی تھی جہاں اس کا شوہر آپہنچا اور انہیں گھر واپس لا کر دروازہ مقفل(لاک) کردیا اور پائپ سے مارا۔خاتون نے دعوی کیا کہ سجاد نے انہیں کہا کہ جو پیسے دکاندار کو ماہانہ قسط کی صورت میں ادا کرنے تھے وہ اس نے میری صحت پر خرچ کردیے۔جس کے بعد سجاد احمد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اسی اثنا میں الماری سے چھری نکال کر ان کی ناک کاٹ دی۔پولیس کا کہنا تھا کہ شازیہ کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے ٹیم بھی روانہ کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق سجاد احمد اپنے جرم کا ارتکاب کرنے کے فوری بعد جائے واردات سے فرار ہوگیا تھا۔