پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی 45برسی منائی گئی

منگل 17 ستمبر 2019 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) نا مور کلاسیکل و غزل گائیک اور پٹیالہ گھرانے کے لیجنڈ استاد امانت علی خان کی 45برسی منائی گئی ۔شام چوراسی ہوشیار پورپنجاب کے پٹیالہ گھرانہ سے تعلق رکھنے والے لیجنڈ استاد امانت علی نے 1922 میں بھارت کے صوبہ پنجاب کے علاقہ شام چوراسی ہوشیار پور میں اختر حسین خان کے ہاں جنم لیا۔استاد امانت علی خان تقسیم برصغیر کے بعد پاکستان آئے اور لاہور میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا ۔

(جاری ہے)

اپنی شاندار خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز کرنے والے استاد امانت علی خان نے گائیکی کی تربیت اپنے والد سے حاصل کی ۔ انہوں نے ملی نغموں ، غزلوں اور کلاسیکل گیتو ں میں شہرت کی بلندیوں اور مقبولیت کی اعلی منزلوں کو چھوا ۔انہوں نے سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی خوبصورت، دلفریب اور روح کو لبھانے والے نغمات و غزلیں گائیں جن میں اے وطن پیارے وطن، انشا جی اٹھو، اے میرے پیارکی خوشبو، یہ آرزو تھی، موسم بدلا، یہ نہ تھی ہماری قسمت ،کب آئو گے ، ہونٹوں پہ کبھی ان کے اور دیگر درجنوں گیت آج بھی زبان زد عام ہیں۔استاد امانت علی 17ستمبر 1974 میں جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔