فیصل آباد: دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ، مخالفین نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے ماں بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

ملزمان موقع سے فرار ، پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مارچری منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی

منگل 17 ستمبر 2019 22:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ، مخالفین نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے ماں بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، ملزمان موقع سے فرار ، پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مارچری منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ، علی الصبح دوہرے قتل کی لرزہ خیر واردات پر علاقے کی فضاء سوگوار ، بتایا گیاہے کہ تھانہ ساندل بار کے علاقہ 29ج ب میں شہباز قوم قریشی اور سلامت قوم موچی کے درمیان دشمنی چل رہی تھی اسی بنا ء پر سلامت ولد لیاقت اور اسکے بھائی کرامت وغیرہ علی الصبح شہباز کے گھر کی دیوار پھلانگ کر اسکے گھر میں داخل ہو گئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جسکی زد میں آکر پچاس سالہ بشیراں بی بی زوجہ محمد شہباز اور اسکا بیٹا چھبیس سالہ محمد اسد شدید زخمی ہوگئے ، جنہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوشش کے باوجود جانبر نہ ہوسکے ،ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد ماں بیٹے کی نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں ۔