Live Updates

عدالت عالیہ راولپنڈی نے چیئرمین پاکستان منرل ڈویلپمنٹ سے گلابی نمک بھارت بر آمدکرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

منگل 17 ستمبر 2019 23:26

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس وقاص رئوف مرزانے چیئرمین پاکستان منرل ڈویلپمنٹ سے گلابی نمک بھارت بر آمدکرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے کوٹلی ستیاں یونین کونسل ملوٹ ستیاں سے پاکستا ن تحریک انصاف کے راہنما ثنا الحق ستی نے راجہ صائم الحق ستی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں وزارت داخلہ، پٹرولیم، کامرس اور پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاتھاکہ پاکستان کے ضلع جہلم میں گلابی نمک کا سب سے بڑا 800 سال پرانا اور500 کلو میٹر طویل کانوں کی شکل میں ذخیرہ موجود ہے جو آئینی و قانونی لحاظ سے حکومت کی ملکیت ہے جس کی مکمل دیکھ بھال و نگرانی ملکی مفاد کومدنظر رکھ کر اہم فیصلے کرنا بھی حکومت کے فرائض میں شامل ہے منگل کے روز سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل راجہ صائم الحق ستی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کی رو سے وطن سے وفاداری ملکی مفادات کے تحفظ میں ہی ہے 1974 میں پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کے بورڈ ممبران مبینہ طور پر بغیر میرٹ کے تعینات ہوئے جو متعلقہ تعلیم، تجربہ اور اہلیت نہ رکھتے تھے اور دشمن ملک کو صرف 35 پیسے جبکہ اپنے شہریوں کو یہی نمک 45 روپے فی کلو فروخت کر کے دشمن کو مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے جو اپنا لیبل لگا کر یہی گلابی نمک بین الاقوامی منڈی میں 300 یورو فی کلو فروخت کر کے کثیر زر مبادلہ کما رہا ہے درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کہ وزیراعظم اپنے زیر نگرانی ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں جو تمام نمک کی کانوں کے ٹھیکوں، پاکستان منرل بورڈ کے ممبران کی تعیناتی کے عمل کا ازسرنو جائزہ لے اور ملکی مفاد کو نقصان پہنچا کر دشمن ملک کی دانستہ یا غیر نادانستہ مبینہ مالی معاونت کرنے والے عناصر کی سرکوبی کی جائے اور حکومت کو تاکید کی جائے کہ وہ نیشنل سالٹ پالیسی تشکیل دے اور عالمی سطح پر پاکستانی گلابی نمک پر جعلی لیبلنگ جیسے فراڈ کی روک تھام کے اقدامات کرے جس سے 60 ہزار لوگوں کو روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے عدالت نے ابتدائی سماعت کے دوران اس معاملے کو انتہائی اہم ملکی مفاد کے کیس کا درجہ دیتے ہوئے دیگر وکلا کو مخاطب کرکے ریمارکس دیئے کہ بار کی طرف سے ایسی مفاد عامہ اور مثبت پیش رفت انتہائی قابل ستائش ہے اور تمام فریقین کو اس واقعہ کی جامع رپورٹ اور کمنٹس مع نمک کانوں کے ٹھیکوں کی تفصیلات اور پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کے بورڈ کی طرف سے ایک نمائندہ آئندہ سماعت پر پیشی کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کردی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات