عسکری ، پارلیمانی قوتیں سعودی عر ب کے دفاع کے لئے غیر مشروط اعلان کریں

سعودی عرب پرحملے عالم اسلام ، عالمی معیشت پر حملہ ،او آئی سی کا اجلاس مکہ مکرمہ میں طلب کیا جائے ی* محمد بن سلمان کے خلاف سازشیں ، خلیج میں نئی جنگ مسلط کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں سعودی عرب کا تحفظ ، ہر کلمہ گو جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے تیار ہے : مقررین کا سیمینارسے خطاب

منگل 17 ستمبر 2019 23:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیرصدارت پریس کلب میں منعقد ہونے والے "ارض حرمین پر حملے اور ہماری ذمہ داریاں" سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملے عالم اسلام اور عالمی معیشت پر حملہ ہے۔ او آئی سی کا فی الفور اجلاس مکہ مکرمہ میں طلب کیا جائے۔

عسکری اور پارلیمانی قوتیں سعودی عر ب کے دفاع کے لئے غیر مشروط اعلان کریں۔ سعودی عرب کے تحفظ کے لئے ہر کلمہ گو جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔ عالم اسلام مقدس سرزمین کے تحفظ کے لئے متحد ہے۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی آئل ریفائنری پر حملہ پوری امت اور عالمی معیشت پر حملہ ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے دل حرمین شریفین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ایک سازش کے تحت حوثیوں کو یمن میں کھڑا کیا گیا۔عالم اسلام مقدس سرزمین کے تحفظ کے لئے متحد ہے۔ سعودی عرب ہمارے ایمانی مراکز حرمین شریفین کی مقدس سرزمین ہے، اس کی حفاظت کو اپنے غیر متزلزل ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں ۔سعودی عرب نے پاکستان کے ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر بھی ہمیشہ پاکستانی کی حمایت سعودی عرب کرتا رہا ہے۔

یہ مالی امداد اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے والا ملک بھی ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ یمن میں حوثی باغیوں کی پشتی بانی کو مشرق وسطیٰ میں تباہی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔حوثی باغیوں کو داعش اور طالبان کی طرح استعمال کیا جارہا ہے ۔ سعودی عرب پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے ۔ نوجوان قیادت محمد بن سلمان کے خلاف سازشیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

سعودی عرب پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ سعودی عرب کو زیر کرنا عالم اسلام کی تباہی ہوگی۔ خلیج میں نئی جنگ مسلط کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ حرمین کا تحفظ بنیادی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ عالم اسلام کے مسائل کا حل درد مشترک اور قدر مشترک کی بنیاد پر اتحادامت ہے ۔ امریکہ مذاکرات سے فرار اختیار کر کے افغانستان میں جنگ جاری نہیں رکھ سکتا۔مختلف قراردادیں منظور کرتے ہوئے عالم اسلام کے اتحاد پر زوردیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ارض حرمین شریفین پر حملوں، کشمیر وفلسطین پر ریاستی مظالم اور اردن کو ہڑپ کرنے کی تیاریوں کے خلاف او آئی سی کا اجلاس مکہ مکرمہ میں فی الفور طلب کیا جائے۔

جس میں عالم اسلام کے سلگتے مسائل پر لائحہ عمل تیارکیا جائے ۔سیمینار سے مفتی عاشق بخاری، مفتی انتخاب نوری،مولانا مخدوم عاصم ، ہشام الٰہی ظہیر ٰاور دیگررہنماوں نے بھی خطاب کیا۔