-موجودہ حکمرانوں سے جو بلند بانگ وعدے کئے تھے ان پر پانی پھیر دیا گیا ہے، اعجاز الحق

منگل 17 ستمبر 2019 23:51

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے جو بلند بانگ وعدے کئے تھے۔ ان پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔ جس سے ملک میں روزبروز مہنگائی،لاقانونیت اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ نیب کا ادارہ سیاست زدہ ہوچکا ہے۔ اگر پیپلز پارٹی نے سکھوں کی فہرستیں سرنڈر نہ کی ہوتیں تو آج کشمیر کا مسئلہ حل ہوچکا ہوتانادان حکمرانوں کی نااہلی کبھی کبھی قوموں کے بھگتنا پڑ جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں ہائوسنگ کالونی میں مسلم لیگ ضیاء کے صدر ندیم قیصر سندھوکی والدہ محترمہ ،بابائے انشورنس میاںمحمد شریف سندھو، محمد شفیق سندھوایڈوکیٹ کی ہمشیرہ محترمہ اور متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی رابطہ سیکریٹری عامر وسیم سندھو کی پھوپھی جان کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اعجاز الحق نے کہا کہ ماضی میں بینکوں کی نج کاری اونے پونے داموں میں کی گئی اور پی۔ٹی۔سی ایل کی نجکاری کے 850ملین ڈالر آج تک وصول نہیں کئے جاسکے۔ کیونکہ یہ نجکاری پاکستان کے مفاد کے لئے نہیں بلکہ بیرون ملک دوستوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کی گئی۔اسی لئے سٹیل ملز کی نجکاری کو سپریم کورٹ نے روک دیا۔ انہوں نے کہامقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے ریاستی دھشت گردی کے باعث 60لاکھ سے زائد کشمیریوں کو گھروںمیں قید کرکے یرغمال بنارکھا ہے۔

انکی امیدیں نہ تو امت مسلمہ پر اور نہ ہی اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی ادارہ پر ہیں۔ انہوں نے صرف اور صرف اپنی نظریں پاکستان پر لگارکھی ہیں۔ اب پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ وہ ہر محاذ پر انکی مدد کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے مجاہدین کے بعد کشمیری مجاہدین نے دنیا پر ثابت کردیا ہے کہ کوئی بھی طاقت انکے راستہ میں اب رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ حکومت کو گھوٹکی کے واقعہ کی تحقیقات کروانی چاہئیں کہ کہیں یہ شرپسندوں کی جانب سے ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش تو نہیں۔