آئین پاکستان ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے اور اسی کے ذریعے عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں، سید مصطفی کمال

کراچی کی سڑکوں کی تعمیر کے فیصلے لاڑکانہ یا اسلام آباد سے نہیں ہونے چاہیے، سندھ بار کونسل کے وفد سے ملاقات

بدھ 18 ستمبر 2019 00:10

آئین پاکستان ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے اور اسی کے ذریعے عوامی مسائل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے اور اسی کے ذریعے عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے حوالے سے کوئی باب موجود نہیں اور اب ملک کو آگے صحیح سمت میں لے کر جانے کے لیے اس وضاحت کی ضرورت ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کا دائرہ کار کیا ہوگا اور انکے اختیارات کیا ہونگے جیسے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے حوالے سے مکمل رہنمائی آئین پاکستان میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر کے فیصلے لاڑکانہ یا اسلام آباد سے نہیں ہونے چاہیے جیسے اسلام آباد، لاڑکانہ یا کوئٹہ کی سڑکوں اور سیوریج لائنوں کے فیصلے کراچی سے نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو درپیش 80 فیصد مسائل کا حل مضبوط بلدیاتی حکومتوں کا قیام ہے۔ ہم صرف کراچی کی بات نہیں کر رہے بلکہ پورے ملک کو اپنا سمجھتے ہیں اور کراچی سے کشمیر تک عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، بچہ چاہے کراچی میں جاہل بڑا ہو یا کوئٹہ اور پشاور میں نقصان ہمارا ہے، اسی طرح علاج کی سہولیات ملک کے کسی بھی حصے میں میسر نہ ہونے کی وجہ سے مرنے والا بچہ بھی اسی قوم کا ہے جو آگے چل کر پاکستان کے لیے اثاثہ ثابت ہو سکتا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں سندھ بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کے شرکا میں ایڈوکیٹ عبدالوہاب انصاری، ایڈوکیٹ عرفان احمد صادقی، ایڈوکیٹ وحید اعظم خان تنولی شامل تھے۔ اس موقع پر رکن نیشنل کونسل ایڈوکیٹ حسان صابر بھی سید مصطفی کمال کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بالخصوص کراچی کی عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر سندھ بار کونسل کے وکلا نے پی ایس پی کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔