سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے سے ایک اور معصوم بچہ زندگی کی بازی ہار گیا

بیٹے کو تڑپ تڑپ کر سانس دیتے ہوئے دیکھنے والے والدین شدت غم سے نڈھال ہوکر زمین پر ہی تڑپنے لگے بیٹے کی لاش اٹھاکر شکارپور روانہ ہوگئے

بدھ 18 ستمبر 2019 00:16

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے سے ایک اور معصوم بچہ زندگی کی بازی ہار گیا، شکارپور کے گاؤں مبارک ابڑو کے رہائشی محنت کش صفدر ابڑو کا 10 سالہ بیٹا میر حسن ابڑو بروقت ویکسین نہ ملنے کے باعث کمشنر آفیس میں قائم اینٹی ربیز (اے آر وی) سینٹر کے باہر تڑپ تڑپ کر زندگی کی جنگ ہار گیا، بیٹے کو تڑپ تڑپ کر سانس دیتے ہوئے دیکھنے والے والدین شدت غم سے نڈھال ہوکر زمین پر ہی تڑپنے لگے بیٹے کی لاش اٹھاکر شکارپور روانہ ہوگئے، روانگی سے قبل متوفی بچے کے والد صفدر ابڑو نے دہائی دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ بیٹے کو آوارہ کتے کے کاٹنے کے بعد اس کے علاج کے لیے شکارپور، سلطان کوٹ کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھاگا لیکن ویکسین نہ مل سکی، عید کے دو روز یہ واقعہ پیش آیا تب سے ویکسین کی تلاش کی لیکن کسی نے داد رسی نہیں کی اور بلآخر بیٹے کو آنکھوں کے سامنے تڑپ تڑپ کر جان دیتے دیکھا، دوسری جانب اے آر وی سینٹر کے انچارج ڈاکٹر نورالدین قاضی کا کہنا تھا کہ شکارپور، جیکب آباد سمیت دادو، سیوہن اور دیگر علاقوں میں اے آر وی ویکسین کا بحران ہے، کمشنر لاڑکانہ اپنی کوششوں سے اپنے زور پر ویکسین حاصل کرتے ہیں لیکن وہ مطلوبہ مریضوں کو پوری نہیں ہوتی۔

متعلقہ عنوان :