مریم نواز کے حق میں فیصلہ دے کر الیکشن کمشنر نے حکومت سے بدلہ لیا ہے: راجہ ریاض

حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے صدر عارف علوی طرف سے چنے گئے دو ارکان سے حلف نہ لینے کے فیصلے کے بعد ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا انہوں نے بدلا لیا ہے: رہنما پی ٹی آئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 17 ستمبر 2019 23:26

مریم نواز کے حق میں فیصلہ دے کر الیکشن کمشنر نے حکومت سے بدلہ لیا ہے: ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 ستمبر2019ء) رہنما پاکستان تحریکِ انصاف راجہ ریاض نے کہا ہے کہ مریم نواز کے حق میں فیصلہ دے کر الیکشن کمشنر نے حکومت سے بدلہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے صدر عارف علوی طرف سے چنے گئے دو ارکان سے حلف نہ لینے کے فیصلے کے بعد ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا انہوں نے بدلا لیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف درخواستیں خارج کر دی ہیں۔ آج الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے خلاف پارٹی عہدہ رکھنے کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں اور کہا کہ مریم نواز مسلم لیگ ن کی نائب صدر رہیں گی۔

(جاری ہے)

اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے حق میں فیصلہ دے کر الیکشن کمشنر نے حکومت سے بدلہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ڈیل کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں دونوں جماعتیں شریک نہیں ہو گی۔ راجہ ریاض نے جمیعتِ علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ کشمیریوں کی خاطر احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں جماعتوں میں سے کوئی بھی احتجاج کرنے نہیں آئے گی کیوں کہ سب کے اپنے اپنے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت جیل میں ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے اور مولانا صاحب ڈیل کرنے کے ماسٹر ہیں اس لیے احتجاج کرنے کوئی نہیں آئے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شاید مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ ڈیل کرنی پڑے گی۔ اس کے جواب میں جمیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ان کی پارٹی ہر حال میں مارچ کرے گی کیوںکہ موجودہ حکومت ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔