Live Updates

مریم نواز کی شخصیت اور ان کے لباس کے انتخاب سے بہت متاثر ہوں

اداکارہ وینا ملک کی جانب سے نواز شریف کی صاحبزادی کی تعریف، مخالفت کرنے کی اصل وجہ بھی بتا دی

muhammad ali محمد علی منگل 17 ستمبر 2019 23:49

مریم نواز کی شخصیت اور ان کے لباس کے انتخاب سے بہت متاثر ہوں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2019ء) مریم نواز کی شخصیت اور ان کے لباس کے انتخاب سے بہت متاثر ہوں، اداکارہ وینا ملک کی جانب سے نواز شریف کی صاحبزادی کی تعریف، مخالفت کرنے کی اصل وجہ بھی بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی معروف اداکارہ وینا ملک کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے متعلق اپنی خصوصی رائے کا اظہار کیا گیا ہے۔

وینا ملک عمومی طور پر مریم نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں، تاہم اس مرتبہ اداکارہ کی جانب سے نواز شریف کی صاحبزادی کیلئے تعریفی کلمات ادا کیے گئے ہیں۔ وینا ملک کا کہنا ہے کہ وہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی شخصیت اور ان کے لباس کے انتخاب سے خاصی متاثر ہیں۔ وینا ملک کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی مخالفت کی اصل ان کے والد کی جانب سے کی جانے والی کرپشن ہے۔

(جاری ہے)

وینا ملک کہتی ہیں کہ وہ مریم نواز کی چند خصوصیات سے خاصی متاثر ہیں، تاہم چونکہ وہ مریم نواز کی سیاست سے اختلاف کرتی ہیں اس لیے انہیں سیاسی معاملات پر تنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔ تاہم اگر سیاست سے ہٹ کر بات کی جائے تو وہ ان کی شخصیت، ان کے پہناوے کو پسند کرتی ہیں۔ اداکارہ وینا ملک کہتی ہیں کہ ان کی مریم نواز سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے وہ بس ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے وینا ملک سوشل میڈیا پر سیاسی معاملات کو لے کر خاصی متحرک ہیں۔ وینا ملک وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت کی حمایت کرتی رہتی ہیں اور اپوزیشن جماعتوں خاص کر مسلم لیگ ن اور اس کی نائب صدر مریم نواز کو خوب تنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔                                            
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات