مانسہرہ ٹول پلازہ کا قیام عدالتی حکم ہے جس کی بجاآوری انتظامیہ کا فرض ہے

ٹول پلازہ کے قیام کو امن و امان کا مسئلہ نہ بنایا جائے، اس معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل کرنا ہو گا۔ کمشنر ہزارہ

بدھ 18 ستمبر 2019 00:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ مانسہرہ ٹول پلازہ کا قیام عدالتی حکم ہے جس کی بجاآوری انتظامیہ کا فرض ہے، ٹول پلازہ کے قیام کو امن و امان کا مسئلہ نہ بنایا جائے اور اس معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل کرنا ہو گا، ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمارے ٹیکسوں کی رقوم سے سڑکوں سمیت تمام بنیادی سہولتیں بہتر ہوں گی، اب زمانہ بدل چکا ہے ہے، پوری دنیا میں عوام ٹیکس دیتے ہیں ہیں جس سے حکومتیں چلتی ہیں، اگر ہم سب پاکستانی ٹیکس دیں گے تو ہمارے ملک کی معاشی حالت اچھی ہو گی جس سے اس ملک میں بسنے والی عوام خوشحال ہوگی۔

وہ منگل کو کمشنر ہائوس ایبٹ آباد میں مانسہرہ ٹول پلازہ کے قیام کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر، ڈی پی او مانسہرہ زیب الله خان، ٹی ایم او، این ایچ اے کے افسران، سابق ضلع ناظم سردار سید غلام، ملک نوید، سیکرٹری ٹو کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

کمشنر ہزارہ نے کہا کہ کہ ملک ٹیکسوں کے بغیر نہیں چل سکتا، ٹول پلازوں سے جو آمدن ہو رہی ہے اس سے آج ہمیں سفر کرنے میں آسانیاں پیدا ہوئی ہے، پورے ملک میں سڑکوں اور موٹر ویز کی تعمیر و مرمت ہو ر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ریونیو حاصل نہیں ہو گا اس وقت تک مانسہرہ کی سڑکوں کی یہی ناگفتہ بے حالت رہے گی۔ انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور سڑکوںکی بہتری دونوں اعتبارسے ٹول پلازہ نا گزیر ہو چکا ہے، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے درمیان شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے کیلئے ٹول ٹیکس لازمی ادا کرنا ہو گا، دنیا میں آج ہر شعبہ میں عوام ٹیکس دیتے ہیں جس کی بدولت ان ملکوں میں خوشحالی ہے۔

کمشنر ہزارہ نے اجلاس کے دوران این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ٹو ل پلازہ کے قیام کے انتظارکے بغیر مانسہرہ کی سڑکوں کی مرمت بھی کریں تاکہ عوام ٹیکس دینے میں خوشی محسوس کریں، قوانین کا احترام ہر فرد پر لازم ہے، مانسہرہ کی عوام کو بھی ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے، ٹول پلازہ کے قیام کے مخالفیں اور این ایچ اے حکام ملکر اس مسئلہ کا فوری حل تلاش کریں۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ کے عوام ٹول پلازہ کے قیام کیلئے این ایچ اے سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے شہر کا امن برقرار رکھیں اور کسی قسم کا لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا نہ کیا جائے۔ کمشنر ہزارہ نے ٹی ایم او مانسہرہ کو بھی ہدا یت کی کہ مانسہرہ شہر میں موجود گندگی کے ڈھیر ختم کرنے کیلئے فوری طور پر پورے مانسہرہ شہر کی صفائی ستھرائی کی جائے اور گندگی کسی بھی جگہ نظر نہیں آنی چاہئے اور اس کیلئے باقاعدہ صفائی ستھرائی کرنے کیلئے زون بنائے جائیں۔ انہو ں نے ٹی ایم او کو ہدایت کی کہ عام عملہ کی حاضری کے ساتھ ساتھ آپ اپنی حاضری کو بھی یقینی بنائیں کہ عوام کو ٹی ایم اے کی کارکردگی نظر آئے۔

متعلقہ عنوان :