بالاکوٹ کی مقامی عدالت نے سہوچ فائرنگ میں ملوث 22 افراد کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کر دی، پولیس نے تمام ملزمان گرفتار کر لئے

بدھ 18 ستمبر 2019 00:00

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) مقامی عدالت نے سہوچ فائرنگ، جلائو گھیرائو کرنے والے 22 افراد کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر پولیس نے تمام ملزمان گرفتار کر لئے ہیں۔ عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزمان کو پولیس کے حوالہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چند ماہ قبل ناران سے چند کلو میٹر دور سہوچ کے مقام پر اراضی کے تنازعہ پر دو فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں فائرنگ کے باعث ایک شخص گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جس کے ردعمل نے سہوچ میں احتجاج کرتے ہوئے بعض افراد نے ریسٹ ہائوس اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

سہوچ کی عوام کی جانب سے سید نادر شاہ کے خلاف فائرنگ کا جبکہ دوسری طرف سے درجنوں افراد کے خلاف جلائو اور قیمتی املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ منگل کے روز مقامی عدالت سے 22 افراد کی عبوری ضمانتیں منسوخ ہوئیں۔ عدالت نے سید نادر شاہ اور دوسری جانب سے محمد انور وغیرہ سمیت 22 افراد کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا ہے۔