پاکستان کی بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے آزاد جموں و کشمیر بارے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت

پہلے سے ہی ریاست پر قابض بھارت کی طرف سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور خطہ کی امن و سلامتی خطرہ میں پڑ جائے گی، دفتر خارجہ

بدھ 18 ستمبر 2019 01:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے پاکستان کے آزاد جموں و کشمیر بارے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے جارحانہ طور پر اے جے کے کو اپنی حدود میں ظاہر کرنے کا سختی سے نوٹس لے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے ہی ریاست پر قابض بھارت کی طرف سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور خطہ میں امن و سلامتی خطرہ میں پڑ جائے گی۔ پاکستان امن پر کاربند ہے تاہم کسی بھی جارحانہ کارروائی کا موثر طور پر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دفترخارجہ نے کہاکہ عالمی برادری کی طرف سے بھارت کا جو مواخذہ کیا جارہا ہے اس پر ایسا بیان بھارت کی مایوسی اور محرومیوں کا مظہر ہے ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت نے 80لاکھ سے زائد کشمیریوں پر لاکھوں فوجی تعینات کرکے جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ بھارت پاکستان پر الزام عائد کرکے معصوم کشمیریوں کے خلاف جرائم اور ان پر مظالم سے عالمی برادری کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ کوئی جواز دیئے بغیر بے شرمی سے جاری رکھے ہوئے ہے اور بھارت اقلیتوں کے خلاف جرائم اور نفرت کو فروغ دینے والی ریاست کی مثال بن گیا ہے۔

بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر روکے، بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرنے سے باز رہے اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حتمی حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔