طویل قد کی مالک 16سالہ لڑکی

طویل قد کے جہاں فائدے ہیں وہاں کئی نقصان بھی ہوتے ہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 18 ستمبر 2019 08:18

طویل قد کی مالک 16سالہ لڑکی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2019ء)   ٹھگنے قد والے شخص کی نسبت لمبے قد والے مردوخاتون کو دنیا بھر میں زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے مگر ایکسٹرا قد کسی کسی کے نصیب میں ہوتا ہے۔مردوں میں تو اگرچہ چھے فٹ لمبے آسانی سے مل جاتے ہیں بلکہ اس سے بھی لمبے مگر عورتوں میں چھے فٹ قد کی حامل لڑکی ملنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔

تاہم اب ایک بہت لمبی مگر کم عمر لڑکی بھی سامنے آ چکی ہے جسے لوگ حسرت بھری نگاہوں سے دیکھتے اور اَش اَش کر اٹھتے ہیں۔میسی کیورین کا قد پیدائش کے وقت صرف 19 انچ تھا مگر اب 16 سال کی عمر میں یہ لڑکی 6 فٹ 9 انچ قد کی مالک بن چکی ہے۔امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی یہ لڑکی درحقیقت اس وقت دنیا کی سب سے لمبی ٹانگوں کے ریکارڈ کو بھی توڑ چکی ہے۔

(جاری ہے)

میسی کیورین کی ٹانگوں کی لمبائی 53 انچ ہے جبکہ سابقہ ریکارڈ روس سے تعلق رکھنے والی ایکاٹیرنیا لیسینا کے پاس تھا جن کی ٹانگوں کی لمبائی 52.2 انچ تھی۔ابھرتی ہوئی ماڈل میسی کو اکثر چلتے ہوئے بہت خیال رکھنا پڑتا ہے کہ وہ دروازہ یا کسی اور چیز سے ٹکرا نہ جائیں۔میسی کی 55 سالہ والدہ ٹریسی نے بارکرافٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا 'مجھے احساس ہوا تھا کہ 18 ماہ کی عمر میں میری بیٹی دیگر بچوں کے مقابلے میں لمبی ہے اور اس وقت اس کا قد 2 فٹ 11 انچ ہوچکا تھا'۔

انہوں نے مزید بتایا 'اس دور میں وہ دیگر ننھی بچیوں کے ساتھ کھڑی تھی تو وہ 2 سال کی بجائے زیادہ عمر کی لگ رہی تھی'۔4 یا 5 سال کی عمر میں اس کا قد ہر سال 5 انچ بڑھا جو کہ بہت زیادہ تھا جیسا ٹریسی بتاتی ہیں 'اس کی ٹانگیں ہمیشہ سے بہت لمبی تھیں، میں یہ کہنے کی عادی ہوگئی تھی کہ کبھی میری بھی ٹانگیں لمبی تھیں مگر اب ایسا نہیں '۔ویسے طویل قد میسی کے جینز میں موجود ہے، اگرچہ ان کی والدہ کا قد 5 فٹ 7 انچ ہے مگر ان کے والد کیمرون 6 فٹ 5 انچ جبکہ 17 سالہ بھائی جیکب 6 فٹ 3 انچ کا ہے۔

اگرچہ اب میسی کو اپنے قد پر فخر ہے مگر وہ کہتی ہے کہ شکر ہے کہ قد بڑھنا رک گیا، کم از کم کچھ وقت کے لیے تو۔میسی کے مطابق 'جب میرا قد 9 ویں گریڈ میں بڑھنا رکا تو میں نے سکون کا سانس لیا کیونکہ جب میں چھوٹی تھی تو قد بڑھنے سے ٹانگوں میں ہونے والا درد بہت تکلیف دہ ثابت ہوتا تھا'۔اگرچہ وہ اپنے قد کو قبول کرچکی ہے مگر میسی کہتی ہیں کہ دنیا کی طویل ترین ٹانگوں کا اپنا نقصان بھی ہے 'یقیناً اتنی لمبی ٹانگوں کا اپنا نقصان بھی ہے، اکثر چلتے ہوئے سر دروازے سے ٹکرا جاتا ہے، گاڑی میں بیٹھنا مشکل ہوتا ہے جبکہ لباس کی تلاش بھی آسان نہیں '۔