Live Updates

”اب ٹھنڈ پڑ گئی ہے“مبشر لقمان سے لوگوں کا استفسار

اگر بلدیاتی الیکشن ہو جائیں تو پنجاب میں ن لیگ کلین سویپ کر جائے گی

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 18 ستمبر 2019 08:39

”اب ٹھنڈ پڑ گئی ہے“مبشر لقمان سے لوگوں کا استفسار
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2019ء)   پی ٹی آئی کی جب آمد آمد تھی تو اکثر نوجوانوں کی سپورٹ کے ساتھ ساتھ دیگر پیشہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔اور پی ٹی آئی کی کمپین کو عروج پر چلایا۔جس کے نتیجے میں اس وقت ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور عوام دہائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک سال ہو چلا اس نے کیا کھویا کیا پایا یہ ایک الگ بحث ہے مگر جو کچھ سامنے نظر آرہا ہے اس پر بلامبالغہ یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ مہنگائی بڑھی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔

اب اگر یہ دونوں باتیں حقیقت ہیں تو باقی نتیجہ نکالنا چنداں مشکل نہیں کہ ملک میں کیا کچھ تباہ ہو چکااور بچ چکا ہو گا۔پی ٹی آئی کی الیکشن کمپین اور انہیں اخلاقی سپورٹ کرنے میں چند صحافی بھی پیش پیش تھے جن میں سے ایک کا نام مبشر لقمان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھی اپنے ٹاک شوز میں عمران خان اور ان کی آمدہ حکومت سے متعلق کئی اچھی اچھی پیشین گوئیاں کی تھیں مگر گزشتہ روز انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنل پر میری گاڑی رکی تو پاس کھڑے موٹرسائیکل سوار سفید پوش آدمی نے سلام کیا اور کہا کہ ”ہن ٹھنڈ پے گئی جے“(اب سکون آ گیا ہے)۔

مبشر لقمان کہتے ہیں کہ میں پھیکی مسکراہٹ لے کر رہ گیا کیونکہ بات تو اس نے سچ کہی تھی کہ جس قسم کی ہمیں امید تھی ویسا کچھ نہیں ہواور الٹا ہماری زندگیاں جہنم بن گئی ہیں۔مبشر لقمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ اگر اس وقت حکومت بلدیاتی الیکشن کرا لیتی ہے تو میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان الیکشنز میں ن لیگ کلین سویپ کرے گی اور پی ٹی آئی منہ دیکھتی رہ جائے گی۔انہوں نے کہا لوگ اب ہمیں جہاں بھی دیکھتے ہیں طنز بھری باتیں کرتے ہیں جو کہ ان کا حق بھی ہے۔پی ٹی آئی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کسی بھی حوالے سے لائق تحسین نہیں رہی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات