Live Updates

شکارپور میں کتے کا کاٹا بچہ ویکسین نہ ملنے پر جاں بحق

بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیا لیکن اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکیسن نہ ہونے پر بچہ دم توڑ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 10:54

شکارپور میں کتے کا کاٹا بچہ ویکسین نہ ملنے پر جاں بحق
شکارپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : شکارپور میں کتے کا کاٹا بچہ ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق شکار پور میں ایک بچہ کتے کے کاٹے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا ۔ بچے کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال شکارپور لے جایا گیا لیکن اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکیسن نہ ہونے پر بچہ دم توڑ گیا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ متاثرہ بچے کو شہید بے نظیر بھٹو اسپتال لاڑکانہ لے جایا گیا لیکن وہاں بھی ویکسین نہ تھی۔

والدین بچے کو لے کر در بدر پھرتے رہے، لیکن کہیں بھی ویکسین نہیں ملی جس کی وجہ سے دس سالہ بچے نے ماں کی گود میں ہی دم توڑ دیا۔ سندھ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ ویکسین یا ادویات کی عدم موجودگی کی وجہ سے بچے دم توڑ جائیں۔ دس سالہ بچے کے جاں بحق ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں کی تعداد میں جنگلی کتے موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس سال کتے کے کاٹنے کے 60 ہزار کیسز سامنے آئے۔ عذرا پیچوہو نے خود اعتراف کیا کہ ہمارے پاس ویکسین موجود نہیں۔ میں 6 سال سے ویکسین کی عدم دستیابی پر اسمبلی میں قراردادیں جمع کروا رہا ہوں، میری قراردادوں پر مذاق اڑایا جاتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں انسانوں کے بچاؤ کی بیشتر دوائیں دستیاب ہی نہیں، دنیا میں کتوں کو مارا نہیں جاتا بلکہ انہیں مخصوص جگہ پر رکھا جاتا ہے۔

کتوں کے کاٹنے کے ناقابل برداشت واقعات رونما ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ قبل ازیں رواں سال 14 مئی کو بھی کراچی کے ایک اسپتال میں رے بیز کے باعث دم توڑ گیا تھا، آٹھ سالہ رضوان کا تعلق بھی شکارپور سے تھا، اس کے اہل خانہ شکارپور اور لاڑکانہ اسپتال میں اینٹی رے بیز سیرم نہ ہونے کے باعث کراچی لے آئے تھے۔ جبکہ اس سے پہلے بھی سانگھڑ سے تعلق رکھنے والا گیارہ سالہ لڑکا لال بخش بھی رے بیز سے جاں بحق ہو گیا تھا، اسے بھی سانگھڑ سے ایک دن قبل جناح اسپتال کراچی لایا گیا تھا، تاہم اسے بچایا نہیں جا سکا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی میں صرف جناح اور سول وہ سرکاری اسپتال ہیں جہاں کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود ہوتی ہے، اس کے علاوہ کسی سرکاری اسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات