آزاد کشمیر بھی بھارت کا ہی حصہ ہے

جلد آزاد کشمیر پر بھی قبضہ حاصل کر لیں گے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ہرزہ سرائی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 11:18

آزاد کشمیر بھی بھارت کا ہی حصہ ہے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے ہرزہ سرائی شروع کر دی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے کے بعد بھارت نے آزاد کشمیر پر بھی اپنی بُری نظر ڈالنا شروع کر دی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنی وزارت کے 100 روز مکمل ہونے پر نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد آزاد کشمیر پر بھی قبضہ حاصل کر لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھی بھارت کا ہی حصہ ہے ۔ ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت کے امریکہ کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ’’ہوڈی، موڈی‘‘ ایونٹ میں شرکت کریں گے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ہزاروں امریکی بھارتیوں سے خطاب کریں گے ۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کی فکر نہ کریں کہ جموں و کشمیر کے بارے میں لوگ کیا کہیں گے ۔

1972ء سے بھارت کی پوزیشن بالکل واضح ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی آرمی چیف بھی آزاد کشمیر سے متعلق بیان دے چکے ہیں۔ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن روات نے اپنے بیان میں کہاکہ آزاد کشمیر پر صرف بھارتی حکومت کے حکم کا انتظار ہے ورنہ آرمی کو تیار ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جس پر پاکستان نے خوب احتجاج کیا لیکن بھارت نے اس معاملے پر تحمل اور سمجھداری سے کام لینے کی بجائے آزاد کشمیر پر اپنی گندی نظر ڈالی جس پر بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی بیان دیا تھا کہ پاکستان سے مذاکرات مقبوضہ پرنہیں آزاد کشمیر پرہوسکتے ہیں۔

تاہم اب بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی آزاد کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم جلد آزاد کشمیر پر بھی قبضہ کر لیں گے۔