چین کے ساتھ باہمی تجارت کا حجم 2024 ء میں 200 ارب ڈالر تک لانے کا ہدف ہے،روسی وزیراعظم دمتری میدیدوف

بدھ 18 ستمبر 2019 14:05

ماسکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) روس کے وزیراعظم دمتری میدیدوف نے کہا ہے کہ روس اور چین کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 2024 ء میں 200 ارب ڈالر سالانہ تک لانے کا ہدف ہے،2018 ء کے دوران باہمی تجارت کا حجم 25 فیصد اضافے کے ساتھ 108 ارب ڈالر رہا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے روس چین سربراہان حکومت کے 24 ویں اجلاس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

دمتری میدیدوف نے کہا ہے کہ 2018 ء کے دوران روس چین باہمی تجارت کا حجم 108 ارب ڈالر رہا جو 2017 ء کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے، مستقبل میں اسے بڑھا کر 2024 ء تک 200 ارب ڈالر تک لانے کا ہدف طے کیا گیا ہے، ہدف کے حصول کے لیے توانائی، صنعت، ہائی ٹیک اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔اس موقع پر چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ نے کہا کہ چین اور روس کے درمیان تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، عالمی سطح پر موجودہ اقتصادی و سیاسی ماحول کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعاون خود ان کے لیے اور باقی دنیا کے لیے بھی استحکام کا باعث بنے گا۔