مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودی کا 40 واں یوم وفات اتوار کومنایا جائیگا

بدھ 18 ستمبر 2019 14:30

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودی کا 40واں یوم وفات 22ستمبر بروزاتوار کوملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن سمیت تمام شہروں میں جماعت اسلامی پاکستان اور اس کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے خصوصی تقریبات ، تعزیتی ریفرنسز ، کانفرنسز ، سیمینارز ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا جائیگاجس میں مفسر قرآن کی اسلام ، ملک و ملت اور تنظیم کیلئے سیاسی، دینی ، مذہبی، قومی خدمات کو شاندر الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

اس موقع پر قرآن خوانی کی محافل بھی منعقد کی جائیں گی۔ مولانامودودی 25ستمبر 1903ء کو حیدرآباد دکن کے شہر اورنگ آباد میں پیدا ہوئے ۔

(جاری ہے)

وہ اپنے دور کے ایک عظیم انسان تھے جن کے دل میں اللہ اور اس کے رسولؐ کی سچی محبت، ملت اسلامیہ کا درد اور پوری انسانیت سے خیر خواہی کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ مولانا نے اپنی بے شمار کتب کے علاوہ جو قیمتی ورثہ اس دنیا میں پیچھے چھوڑاوہ ان کی تاسیس کردہ جماعت ''جماعت اسلامی'' ہے۔

26اگست 1941ء کو لاہور میں پورے برصغیر پاک و ہند سے کچھ لوگ جو پہلے ہی مولانا کی تحریروں سے متاثر اور ماہنامہ ترجمان القرآن کے ذریعے ان کے افکار و نظریات اور ذات گرامی سے بخوبی واقفیت رکھتے تھے ان کی دعوت پر جمع ہوئے اور جماعت اسلامی کے نام سے ایک جماعت کی بنیاد رکھ دی گئی ۔اس جماعت کی پشت پر وہ فکری رہنمائی تھی جو کئی سال سے مولانا انفرادی طور پر فراہم کر رہے تھے اور جس میں خود شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒکے مشورے بھی شامل تھے ۔

مولانا نے اس جماعت کا کوئی عقیدہ اور مقصد اپنی طرف سے پیش نہیں کیا بلکہ کتاب و سنت کی روشنی میں جماعت کے عقیدے اور مقاصد کا تعین کیاجو جماعت اسلامی کے دستور میں پور ی تشریح کے ساتھ بیان کر دیاگیا۔ مولانا مودودی ؒ 22ستمبر 1979ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے یوم وفات پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین شائع کئے جائیں گے۔