Live Updates

�� تفصیلی خبر …)

مدینہ کے بعد پاکستان دنیا کے نقشے پر اللہ کی بڑی نعمت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 18 ستمبر 2019 14:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مدینہ کے بعد پاکستان دنیا کے نقشے پر اللہ کی بڑی نعمت ہے، پاکستان کشمیریوں کا حقیقی پشتی بان ہے، کشمیری کبھی بھی پاکستان کو دھوکہ نہیں دیں گے، کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے، آزاد کشمیرکی حکومت اور حریت کانفرنس کو کشمیرکے لئے کردار دیا جائے جہاں کشمیریوں کی بات سنی جائے گی، وہاں کسی اور کی بات کو اتنی اہمیت نہیں ملے گی۔

بدھ کو انہوں نے قومی پارلیمانی کانفرنس برائے کشمیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیز فائر کے دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیری اس کانفرنس کے انعقاد پر آپ کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں 40 روز گزر گئے ہیں کشمیریوں پر یہ آزمائش نئی نہیں بلکہ گزشتہ 72 سالوں سے کشمیری ان آزمائشوں کا شکار ہیں۔ وادی اور قرب و جوار میں موجودہ تحریک کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے ۔

10 ہزار خواتین خاوند لاپتہ ہونے پر گھروںمیں بیٹھی ہیں۔ 10 ہزارسے زیادہ خواتین کی عصمت دری کی گئی جبکہ اتنے ہی بچے آنکھوں کی بینائی سے محروم کئے گئے۔ یہ ان کی قربانیوں کا کچھ خلاصہ ہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ یوم آزادی، یوم دفاع اور دیگر اہم مواقعوں پر کشمیریوں کے ساتھ منسوب کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ اگر کشمیر کا جھنڈا گر گیا تو اگلا نشانہ پاکستان ہو گا۔

ہندوستان برطانوی راج کے بعد اس خطے میں اپنے آپ کو جانشیں سمجھتا ہے۔ وہ دفاعی اور جمہوری اعتبار سے بالادست سمجھتا ہے جبکہ اسے آر ایس ایس کی صورت میں دہشت گرد بھی میسر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر ایک وار زون ہے یہاں پر پلوامہ جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی ایک سیاسی جماعت ہے تاہم وہ آر ایس ایس کے نازی ازم پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس خطے میں اکھنڈ بھارت کے راستے میں رکاوٹ صرف پاکستان ہے۔ ایک بڑی آبادی اور معیشت ہونے کے ناطے بھارت یہ سمھتا ہے کہ اس کا جغرافیہ کم ہے اس کو پھیلانا ہے، اس کا آغاز اس نے کشمیر سے کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارت نے اگر کشمیر ہڑپ کر لیا تو وہ پاکستان کو ملنے والے پانی پر بھی قبضہ کر لے گا ۔

دریائے چترال (سندھ) کے علاوہ پاکستان کے تمام دریائوں کا منبیٰ مقبوضہ کشمیر ہے۔ اگر بھارت نے کشمیر کو اپنا حصہ بنا لیا تو پھر اس کے لئے ان دریائوں کا رخ موڑنا کوئی بڑی بات نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ اگر کشمیر امت مسلمہ کا مسئلہ نہیں تو پھر فلسطین بھی ہمارا مسئلہ نہیں ہوناچاہیے۔ ہمیں سارے جہاں کا درد لے کر نہیں بیٹھنا چاہیے۔

مشکل وقت میں او آئی سی سمیت کوئی بھی ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا۔ پاکستان کو اپنے مفادات دیکھنے چاہیے۔ وہ پرائی لڑائی میں چڑھ دوڑنے سے گریز کرے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہندوستان مڈل ایسٹ تک جانا چاہتا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ کشمیر پر دو طرفہ بات کرنے سے اس پر پڑنے والا عالمی دبائو ختم ہو جاتا ہے۔ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان علاقائی تنازعہ نہیں ہے تاہم بھارت اسے علاقائی تنازعہ بنا کر پیش کرتا ہے اور وہ اپنے اس جھوٹے پراپیگنڈے میں کامیاب بھی ہوجاتا ہے۔

پاکستان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف ہے کہ کشمیریوںکو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان مطمئن رہے اور کشمیر کے لوگوں پر اعتماد رکھے وہ آپ کبھی دھوکہ نہیں دیں گے۔ کوئی پاکستانی دھوکہ دے سکتاہے لیکن کشمیری پاکستانیوں کو دھوکہ نہیں دیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر کی حکومت اور حریت کانفرنس کے کردار کا پاکستان تعین کرے ۔

دنیا ہماری بات سنے گی ۔ پاکستان ہمارا پشتی بان ہے۔ بھارت نے دنیا کے سامنے کشمیرکو علاقائی تنازعہ بنانے کا جو بیانیہ دیا ہے اس کا توڑ کرنا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے موجودہ صورتحال میں دنیا کے سامنے مودی کو بیل آئوٹ کیا ہے۔ اس فیصلے کے حق میں پاکستان کی جانب سے بیان نہ دیئے جائیں بھارت کی سپریم کورٹ نے کشمیری رہنما افضل گرو کو سزائے موت دیتے وقت فیصلے میں لکھا کہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے تاہم ہم اپنے لوگوں کو مطمئن کرنے کے لئے اسے سزا دے رہے ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے کبھی ریاست کے مفادات کے خلاف فیصلہ نہیں دیا۔ اس خطے میں ہندو بنیے کی چالوں کا مقابلہ ایک رہنما کرتا تھا اور وہ محمد علی جناح تھا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز پاکستان ہے ۔ بھارت کشمیریوں کو ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور کر رہا ہے۔ کشمیری نہ رہے تو پاکستان کے وجود پربھی سوالیہ نشان ہوں گے ۔ مدینہ منورہ کے بعد پاکستان اللہ کی بڑی نعمت ہے ۔

کشمیری پاکستان کے آگے ڈھال ہیں۔ کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان ان کا ضامن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے ایسی باتیں نہیں کی جانی چاہئیں کہ روایتی جنگ میں پاکستان کی صلاحیت بھارت سے کم ہے۔ ہمیں اپنی فوج پر اعتماد ہے ۔ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ لڑے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر میں اگر آتش چنار سرد پڑ گئی تو کشمیری کسی کو معاف نہیں کریں گے۔

ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم آخری کشمیری تک لڑیں گے کیونکہ ہمارے پاس کھونے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بھی اب سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے جانا ہو گا۔ اب اس سے کشمیری مطمئن نہیں ہوں گے۔ ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ ہم کبھی بھی میر جعفر اور میر صادق کا نام اپنے نام کے ساتھ نہیں لگائیں گے بلکہ حیدر علی کی طرح اپنا نام لکھوائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات