Live Updates

چند ماہ میں لوگ نئے گھروں میں منتقل ہو جائیں گے

وزیراعظم عمران خان نے پری فیبریکیٹنگ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 15:09

چند ماہ میں لوگ نئے گھروں میں منتقل ہو جائیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے پری فیبریکیٹڈ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور کہا کہ یہ مستحق عوام کو سستے داموں گھروں کی فراہمی کا بہترین منصوبہ ہے۔ اس موقع پر چین کے سفیر بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق پری فیبریکیٹنگ ہاؤسنگ منصوبےکا سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے آغاز پر چینی سفیر کا مشکور ہوں۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔ منصوبے کے آغاز پر چین کے سفیر کا شکر گزار ہوں۔ چین پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کررہا ہے، ہاؤسنگ منصوبے کے تحت 4 سے 5 ماہ میں لوگوں کو گھروں میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پری فیبری کیٹڈ ہاؤسنگ چین کی طرف سے سستا، معیاری اورجلدی مکمل ہونے والا منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ مستحق عوام کو سستے داموں گھروں کی فراہمی کا بہترین منصوبہ ہے، پہلے سے تیار شدہ گھروں سے عوام کو کم وقت میں اپنا گھر میسر آئے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر نے سی پیک اور سرمایہ کاری کانفرنس میں معاونت فراہم کی، کراچی کے 40 فیصد لوگ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ لاہور اوردیگر شہروں میں بھی کچی آبادیاں ہیں جن میں بسنے والے لوگوں کے لئے پہلی بار فیبریکٹڈ ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں زرعی شعبے کی پیداوار بہت کم ہے، چین کی ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے مکمل سہولتیں فراہم کریں گے، حکومت سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات