پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے فیصل آباد میں ہریالی و درختوں سے سماں باندھ دیا، شہریوںمیں خوشی کی لہر

انتظامیہ اور عوام کے تعاون سے شہر کو خوب تر بنانے میں مصروف ہیں،چیئرمین پی ایچ اے چوہدری لطیف نذر

بدھ 18 ستمبر 2019 15:20

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی چوہدری لطیف نذر ایم پی اے نے کہا ہے کہ انتظامیہ اور عوام کے تعاون سے شہر کو خوب سے خوب تر بنانے میں مصروف ہیں، شہر میں ہر طرف ہریالی، سبزے اور درختوں کے لگنے سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے،شہر کی فلاح وبہبود کیلئے بہترین اقدامات کرنے پر اہلیان فیصل آبادپی ایچ اے کے شکر گزار ہیں۔

چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ پی ایچ اے شہر بھر اور اس کے گردو نواح کے عوامی تفریحی پارکس کی بحالی میں مگن اور شہر کی فلاح و بہبود بالخصوص خوبصورتی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں ، سڑکوں ، گرین بیلٹس کو از سر نو بحال کیا جارہا اور پرانے و اجڑتے ہوئے پارکس کی حالت درست کرنے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت اپنی نگرانی میں کام کروا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتظامی حکام بھی ہر وقت شہر کی تعمیر و ترقی اور رکے ہوئے منصوبوں کی بحالی میں مصروف رہتے ہیں او ر ہم بھی ان کے مشوروں سے شہر کو خوبصورتی سے ہمکنار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کوافرادی قوت کی کمی کابھی سامنا ہے جس کیلئے عنقریب بیلدار بھرتی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلا امتیاز ہر گلی محلے کی سطح پر ہریالی و سبزا کو پھیلایا جا ئے گا،شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے عوامی پارکس کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پارکس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ تمام بنیا دی مسائل کا مئوثر حل ہو سکے۔

انہوںنے بتایا کہ کینال روڈ سمیت شہر کے تمام اہم روڈز اور شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔