جموں وکشمیر کے عوام کو عالمی برادری حق خود ارادیت دے‘چوہدری آصف یعقوب

بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کو انسانی حقوق کے ادارے بند کروائیں

بدھ 18 ستمبر 2019 15:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) اقوام متحدہ کا چارٹر جموں کشمیر کے عوام کو آزادی کا حق دیتا ہے۔ بھارت غاصب ملک ہے۔ جموں وکشمیر کے عوام کو عالمی برادری حق خود ارادیت دے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا عالمی برادری نوٹس لے۔ بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کو انسانی حقوق کے ادارے بند کروائیں۔

80 لاکھ کشمیریوں کو کرفیو کے ذریعہ قید کر کے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا ہے۔ بھارت جموں و کشمیر کو آزاد ہونے سے روک نہیں سکتا۔ ہم جموں وکشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ غلامی کی زنجیریں ٹوٹ گریں گی۔ خونی لکیر کو پائوں تلے روند ڈالیں گے۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ آزادی قریب ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما سابق امیدوار اسمبلی چوہدری آصف یعقوب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں ختم کرنے کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے کشمیری مسلمانوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے۔ ہزاروں نوجوان قید کر دیئے گئے ہیں۔ سینکڑوں زخمی ہیں۔ سینکڑوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔

چوہدری آصف یعقوب نے کہا کہ عالمی برادری دو ایٹمی قوتوں کو ایٹمی تصادم سے روکنے کے لئے میدان میں آئے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان خوفناک ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ جس سے ایشیاء کے علاوہ دنیا بری طرح اس جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گی۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی جنگ میں تنہا نہیں ہیں۔ ہم ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ آزادی کے لئے یہ قربانی دیں گے۔

بھارت کو مقبوضہ کشمیر چھوڑنا پڑے گا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آزاد کشمیر پر حملہ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ کشمیری عوام ان گیدڑ بھکیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ بھارت اب سویت یونین کی طرح ٹوٹنے والا ہے۔ دنیا کے نقشہ سے بھارت کا نام نشان مٹنے والا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جرات، دلیری، بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہداء کشمیر کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔