کراچی میں مسائل کے حل کیلئے نعمت اللہ خان کے وژن کے مطابق کام کیا جائے،ڈاکٹرعشرت العباد خان

شہر کی بہتری کے لیے ایک کوآرڈینیشن بورڈ فوری تشکیل دیاجائے ، جس میں تمام اسٹیک ہولڈر کی نمائندگی ہو،سابق گورنر سندھ ہنگامی اقدامات کیے جائیں، ابھی میں کسی سیاسی جماعت میں نہیں ہوں اور ابھی کسی جماعت میں شامل ہونے کا سوچ بھی نہیں رہا،ٹیلی فونک گفتگو

بدھ 18 ستمبر 2019 18:21

کراچی میں مسائل کے حل کیلئے نعمت اللہ خان کے وژن کے مطابق کام کیا جائے،ڈاکٹرعشرت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی شہر کے مسائل کے سدباب کے لیے ضروری ہے کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے ویژن اور اس دور کے وفاق کے ساتھ کو آرڈینیشن فارمولے پر عمل کیا جائے تاکہ شہرقائد دوبارہ ترقی کرسکے اور شہری سکون کا سانس لے سکیں، روشنیوں کے شہر کے مسائل کے حل کے لیے ایک کوآرڈینیشن بورڈ فوری تشکیل دیاجائے ، جس میں تمام اسٹیک ہولڈر کی نمائندگی ہو..ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

۔ سندھ میں ریکارڈ مدت تک گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ان دنوں شہر کے امور کے ذمے داروں اور اسٹیک ہولڈرز مسائل حل کرنے لیے غیر سنجیدہ ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کے مسائل، بیانات، دعووں اور باتوں سے حل نہیں ہونگے بلکہ اس کے حل لیے بلدیاتی اداروں اس کے منتخب میئر، سندھ اور وفاقی حکومت کو شہری امور سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے ویژن، ان کی محنت اور لگن کے مطابق ان مسائل کے سدباب کے لیے پلاننگ کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بتایا کہ ان کی اور نعمت اللہ خان کی تجویز پر2003 میں اس وقت کے صدر پرویز مشرف سے بات کر کے ان سے کراچی کے لیی29 ارب روپے کا پیکج منظور کرایا تھا اور ان کی تجویز پر کراچی میں موجود وفاقی اداروں سے اس کراچی پیکج کے لیے عمل درآمد کرایا تھا۔ سابق گورنر نے کہا کہ یقینا یہ ایک مثالی ٹیم ورک تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال دیکھ کر تشویش ہونا ایک فطری بات ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ روشنیوں کے شہر کے مسائل کے حل کے لیے ایک کوآرڈینیشن بورڈ فوری تشکیل دیا جائے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ابھی میں کسی سیاسی جماعت میں نہیں ہوں اور ابھی کسی جماعت میں شامل ہونے کا سوچ بھی نہیں رہا، فی الحال میں بس اسی طرح آزادانہ سیاسی اور سماجی کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اس بات کا بھی اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے رہنما اچھے ہیں معراج الہدی صدیقی سمیت کئی دوسروں سے میرے رابطے بھی ہیں، ڈاکٹر معراج بھائی تو میرے میڈیکل کالج کے ساتھی ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد نے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی کراچی کے لیے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مکمل صحت یابی اور درازی عمر کی بھی دعا کی ہے۔