پاکستان بے شمار وسائل سے مالا مال ہے، گورنرسندھ

پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بن کر سامنے آرہا ہے ۔ ڈی فیوچر سمٹ سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 18:30

پاکستان بے شمار وسائل سے مالا مال ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان بے شمار وسائل سے مالا مال ہے جہاں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں اس ضمن میںموجود قیادت بیرونی سرمایہ کاری کے مزید فروغ کے لئے کوشاں ہے ، پاکستان کو کرپشن نے بری طرح نقصان پہچایا جبکہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہمارے اربوں ڈالر خرچ ہوئے ۔

آج ہمیں آئی ایم ایف کی جانب دیکھنا پڑرہا ہے مگر موجو دہ حکومت نے سب سے زیادہ توجہ ملکی معیشت کے استحکام پر دی جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور اب پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بن کر سامنے آرہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی فیوچر سمٹ کے عنوان سے نٹ شل کے زیر اہتمام منعقعدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان ملک کو ترقی کی راہ پر لانے کے لیئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نجی سیکٹر اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ تعاون کرے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان سمیت پورے خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کے تحت ملک میں بے شمار معاشی سرگرمیاں شروع ہورہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے وافر گنجائش موجود ہے ، میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کراچی اسٹریٹجک کمیٹی جلد اپنی سفارشات وزیراعظم پاکستان کو پیش کرے گی ، سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا سوچ بھی نہیںسکتے ۔

سندھ ایک تھا اور ایک رہے گا ۔ وفاق کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ پانچوں منصوبوں میں 90 فیصد سے زیادہ کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں ان منصوبوں کا افتتاح کیاجائے گا ۔سندھ میں گورنرراج لگانے کے بارے میں کئے گئے سوال پر گورنرسندھ نے واضح الفاظ میں کہا کہ گورنرراج کی تجویز کبھی بھی زیر غور نہیں رہی ۔

اس سے قبل کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈٖ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ، چیئر مین کے الیکٹرک اکرام سہگل ، نائب صدر او آئی سی سی آئی شہزا د دادا، اینگرو کارپوریشن کے صدر غیاث الدین خان ، کمشنر کراچی افتخار شیلوانی اور چیئرمین ماٹن ڈو گروپ علی اکائی نے کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں استقبالیہ کلمات محمد اظفر احسن نے دیئے ۔ آخر میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کانفرنس کے مقررین میں شیلڈ تقسیم کیں ۔