رضا ربانی کا میڈیا کورٹس سے متعلق فیصلے پر تشویش کا اظہار

میڈیا پر کوئی بھی قدغن ، جمہوریت پر حملہ اور آئین کی خلاف ورزی ہے، بیان

بدھ 18 ستمبر 2019 20:02

رضا ربانی کا میڈیا کورٹس سے متعلق فیصلے پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے میڈیا کورٹس سے متعلق فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا پر کوئی بھی قدغن ، جمہوریت پر حملہ اور آئین کی خلاف ورزی ہے ۔ ایک بیا ن میں انہوںنے کہاکہ میڈیا پر قدغن کے کسی بھی اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور پارلیمنٹ کی اندر اس کی مذمت کریں گے ۔

انہوںنے کہاکہ میڈیا کو پہلے ہی شدید سنسر شپ کا سامنا ہے ، میڈیا کو حکمرانوں کی جانب سے ڈرایا دھمکایا جا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میڈیا پر سنسرشپ مارشل لاء ادوار سے بدتر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میڈیا کورٹس کی قیام کا مقصد میڈیا کو خوفزدہ کرکے دباو میں لانے کا ایک اور طریقہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ میڈیا کورٹس کے قیام کو مسترد کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میڈیا تنازعات کے حل کے لیے پریس کونسل آف پاکستان ، پیمرا کونسل برائے شکایات ، ویج بورڈ عملدرآمد ٹریبییونل موجود ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے ناکامی کے بعد ۔انہوںنے کہاکہ حکومت میڈیا کورٹس قائم کرنے جیسے اقدامات کی کوشش کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی پارلیمنٹ میڈیا کے ساتھ کھڑے ہونگے۔