لندن: ایک ہی خاندان کی 10خواتین کی چھاتی کے کینسر کو شکست ‘خوب جشن منایا

تمام خواتین نے کم و بیش 15 سال تک زندگی برقرار رکھنے کیلئے چھاتی کے کینسر سے جنگ لڑی

بدھ 18 ستمبر 2019 20:36

لندن: ایک ہی خاندان کی 10خواتین کی چھاتی کے کینسر کو شکست ‘خوب جشن منایا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) لندن میں ایک ہی خاندان کی 10خواتین نے چھاتی کے کینسر کو شکست دے کر خوب جشن منایا۔خبر رساں ادارے کے مطابق تمام خواتین کا تعلق لنکن شائر کے علاقے کونسگسبی اور بوسٹن سے ہے جو آپس میں ماں بیٹیاں، چچیاں، دیورانیاں، جیٹھانیاں اور بہوئیں ہیں۔ ان تمام خواتین نے کم و بیش 15سال تک زندگی برقرار رکھنے کے لیے چھاتی کے کینسر سے جنگ لڑی ہے۔

چھاتی کے کینسر کو شکست دینے والی خواتین کی عمر 47 سے 81 برس کے درمیان ہے جو اب بذات خود دیگر خواتین میں کینسر سے متعلق آگہی پھیلا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں ایک خاتون 78سالہ جوئس ویٹ کو سب سے پہلے 2002 میں چھاتی کا کینسر تشخیص ہوا تھا جبکہ ان کے بھانجے کی اہلیہ جین ریزن کی 2017 میں کامیاب mastectomy کی سرجری کی گئی۔ 55 سالہ وینیسا ہو جو کینسر میں مبتلا ہونے والی اس خاندان کی 8 ویں خاتون تھیں بتاتی ہیں کہ ہم سب نے ایک ساتھ کینسر کا مقابلہ کیا ہے، اس دوران ایک دوسرے سے اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے رہے جس سے حقیقی معنوں میں ایک دوسرے کو مدد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہم سب کو ایک دوسرے سے بہت مدد ملی، چونکہ ہم ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اس لیے ہم سب ایک دوسرے کے لیے موجود ہوتے تھے۔