دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا ، سری لنکن کرکٹ بورڈ پرعزم

اپنے میزبان پاکستان کی سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں تاہم وزارت دفاع کی جانب سے حتمی کلیئرنس ملنے کا ضرور انتظار کرینگے ،سیکرٹری سری لنکن کرکٹ بورڈ

بدھ 18 ستمبر 2019 22:23

دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا ، سری لنکن کرکٹ بورڈ پرعزم
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کو بدستور امید ہے کہ دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا ، تاہم وزارت دفاع کی جانب سے حتمی کلیئرنس ملنے کا انتظار کرے گا ، یہ بات ایک عہدیدار نے بدھ کے روز کہی ۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ وہ اپنے میزبانوں کے سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں تاہم گزشتہ ہفتے ممکن دہشت گرد حملے سے متعلق رپورٹس وزارت دفاع کو تحقیقات کے لئے پیش کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی ٹیم مارچ2009ء میں پاکستان کے شہر لاہور میں ٹیسٹ میچ کے دوران حملے کانشانہ بنی تھی ، چھ سری لنکن کھلاڑی زخمی ہو گئے تھے جب مسلح افراد نے ان کی بس پر حملہ کیا ، چھ پاکستانی پولیس اہلکار اور دو عام شہری ہلاک ہو گئے تھے ۔حملے کے بعد سے عالمی ٹیموں کی اکثریت جنوبی ایشیائی ملک کے دورے سے انکار کرچکی ہے۔ سری لنکا نے اکتوبر2017ء میں لاہور میں پاکستان کیخلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔ ڈی سلوا نے اے ایف پی کو بتایا ک گزشتہ ماہ کے اوائل میں میں نے اپنے سکیورٹی کنسلٹنٹ کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ہم انتظامات سے مطمئن تھے ، انہوں نے سربراہ مملکت کے لئے مختص سکیورٹی کا وعدہ کیا ہے۔