حکومت بدلنے کے بعد بھی پنجاب کے بچوں کو تحفظ نہیں ملا:فیاض وڑائچ

بچوں سے زیادتی کے واقعات کی وجہ سے ملک بدنام ہورہا ہی:صدرعوامی تحریک پنجاب غ*معصوم زینب کے قاتل کو پھانسی ملنے کے باوجود جرم کم نہیں ہوا:میاں ریحان مقبول

بدھ 18 ستمبر 2019 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری فیاض وڑائچ نے قصور میں معصوم بچوں سے زیادتی کے بعد انہیں موت کے گھاٹ اتارے جانے کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت سے محبت کرنے والے عظیم صوفی بزرگ بابا بلھے شاہ کے ضلع قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات پر دلی دکھ ہے اور ناخوشگوار واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے۔

پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کا تحفط کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکے ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے حکومت بدلنے کے بعد بھی پنجاب کے بچوں کو تحفظ نہیں ملا۔معصوم زینب کے قاتل عمران کو پھانسی دینے کے باوجود جرم میں کمی نہیں آئی اس کا مطلب ہے سوسائٹی میں اخلاقی گراوٹ حد سے تجاوز کر چکی ہے اور اداروں کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے تشدد اور معصوم بچوں سے زیادتی کے واقعات کی وجہ سے پاکستان پوری دنیا میں بدنام ہورہا ہے۔ وہ پنجاب جس کی شہرت پوری دنیا میں پانچ دریائوں کی سرزمین،وارث کی ہیر، داتا علی ہجویریؒ، خواجہ غلا فرید، بابا فرید گنج شکر کے زہد و تقویٰ اور انسانیت سے محبت کی وجہ سے تھی آج وہی پنجاب جرائم کی نرسری کے طور پر مشہور ہے۔ قصور سمیت پنجاب بھر میں معصوم بچے انسان نما درندوں کے نرغے میں ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ بچوں سے زیادتی کے پے در پے واقعات کا ازخود نوٹس لیں اور معزز ججز ازسرنو قانون سازی کے لیے سفارشات دیں۔