چونیاں میں بچوں کے قتل کیس،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او معطل

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اورسردار آصف نکئی کی چونیاں میں غمزدہ خاندانوں سے ملاقات پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی اس پر سخت ایکشن ہوگا:عثمان بزدار ۳بچوں کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعات قعطاً برداشت نہیں،ذمہ دارسزا سے نہیں بچ سکیں گے : وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعلیٰ کی صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان، وزیر قانون راجہ بشارت اور آئی جی کو بھی چونیاں جانے کی ہدایت

بدھ 18 ستمبر 2019 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے حکم پرچونیاں میں بچوں کے قتل کیس میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی چونیاں اور ایس ایچ او معطل کر دیا گیا ہی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی اس پر سخت ایکشن ہوگا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پرصوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور سردار آصف نکئی نے چونیاں میں مقتول بچوں کے گھر جا کر غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اور افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا -صوبائی وزراء نے سوگوار خاندانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت اور انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی چونیاں پہنچنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر قانون اورآئی جی پولیس جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور مقتول بچوں کے لواحقین سے ملاقات کر کے دلجوئی کریں-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ صوبائی وزیر قا نون اور آئی جی پولیس خود تحقیقات کی نگرانی کریں-انہوںنے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو بھی چونیاں جانے کی ہدایت کی اور کہاکہ بچوں کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعات قعطاً برداشت نہیں-بچوں کے قتل کے ذمہ دار قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گی-مقتول بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہمیں دلی ہمدردی ہے -