کشمیری بھائیوں کے ساتھ مظالم اور زیادتیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں،

پاکستان کی پارلیمنٹ اور تمام پارلیمنٹرینز کشمیریوں کے سفیر ہیں، پارلیمنٹ اپنے کشمیریوں کی مضبوط آواز بنے گی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا قومی کشمیر کانفرنس سے خطاب

بدھ 18 ستمبر 2019 22:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مظالم اور زیادتیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ اور تمام پارلیمنٹرینز کشمیریوں کے سفیر ہیں اور پارلیمنٹ اپنے کشمیریوں کی مضبوط آواز بنے گی۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام قومی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ خراج تحسین کے مستحق ہیں، کانفرنس سے مثبت پیغام جائے گا کیونکہ تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اس میں شرکت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے بعد ہم نے مشترکہ اجلاس میں قرارداد منظور کرائی جسے ہم نے 178 ممالک کو ارسال کیا، ایران، ملائیشیا اور ترکی کے اپنے ہم منصبوں سے میں نے ٹیلی فون پر بات کی، ایران کی پارلیمنٹ میں قرارداد منظور کی گئی، ترکی اور ملائیشیا کے سپیکرز نے بھی یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق میں قراردادیں منظور کرائیں گے۔

(جاری ہے)

برطانیہ کی پارلیمنٹ سے رابطہ کیا، برطانوی پارلیمنٹ میں بھی موثر انداز میں آواز اٹھائی جائے گی۔

اومان کے سپیکر نے بھی ہماری دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے وہ لابنگ کریں گے اور بھرپور سپورٹ کریں گے، اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں ملائیشیاء اور اکتوبر میں ہی ترکی کے سپیکر پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے ہم سفارتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قازخستان سپیکرز کانفرنس میں ہمارا وفد شرکت کرے گا۔ اس موقع پر وسطی ایشیائی اور ایسٹ یورپی ممالک کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ترکی، ایران، چین، روس اور افغانستان کے ساتھ بھی کشمیر کے حوالے سے رابطہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلغراد کانفرنس کی بھی ہم تیاری کر رہے ہیں۔ سی پی اے کی یوگنڈا میں ہونے والی کانفرنس میں بھی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں وفد جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کشمیریوں کی آواز بنے گی، ہم وزیراعظم کے وژن کے تحت پارلمنٹرینز کو کشمیریوں کا سفیر بنائیں گے۔