مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دیا

آزادی مارچ 16 سے 31 اکتوبر کےدرمیان ہو گا: مولانا فضل الرحمان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 18 ستمبر 2019 19:23

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2019ء) مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ 16 سے 31 اکتوبر کے درمیان ہی ہو گا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ہماری تیاریوں پر اعتماد کریں، آزادی مارچ 16 سے 31 اکتوبر کے درمیان ہی ہو گا۔ انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کے لیے بنائی گئی کمیٹیاں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ مجلس عاملہ نے تمام کمیٹیوں کو جلد روابط مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے سعودی عرب کی آئل فیلڈ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو یقین دلاتے ہیں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو ملک کو جام کر دیں گے۔ دوسری جانب سینئیر صحافی و تجزیہ نگار عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ اگر ڈیل نہ ہوئی تو ن لیگ اپنے انوسٹرز کے ذریعے مولانا فضل الرحمن کے جلسوں کو بھرنے کے لیے خاصے انتظامات کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے جلسے کے لیے سرمایہ کاری شروع کر دی ہے اور سرمایہ کاری کی پہلی قسط آئندہ ماہ اکتوبر میں مولانا فضل الرحمن تک پہنچائی جائے گی۔ تاہم پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ڈیل کرنی پڑ سکتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ڈیل کی طرف بڑھ رہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے راجہ ریاض نے جمیعتِ علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ کشمیریوں کی خاطر احتجاج کریں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں جماعتوں میں سے کوئی بھی احتجاج کرنے نہیں آئے گی کیوں کہ سب کے اپنے اپنے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت جیل میں ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے اور مولانا صاحب ڈیل کرنے کے ماسٹر ہیں اس لیے احتجاج کرنے کوئی نہیں آئے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شاید مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ ڈیل کرنی پڑے گی۔