Live Updates

کشمیری عوام جن حالات ،مشکلات سے گزر رہے ہیں ہمارے جذبات،احساسات،خیالات اور لفاظی بھی وہ بیان کرنے سے قاصر ہے، جام کمال خان

عالمی برادری ،انسانی حقوق تنظیمیں تسلیم کررہی ہیں کشمیر میں ریاستی دہشت گردی ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ،عمران خان مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر کررہے ہیں، ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، وزیراعلی بلوچستان

بدھ 18 ستمبر 2019 23:04

اسلام آباد/ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام جن سخت حالات اور مشکلات سے گزر رہے ہیں ہمارے جذبات،احساسات،خیالات اور لفاظی بھی وہ بیان کرنے سے قاصر ہے، جو قومیں نامساعد حالات،مصائب اور مشکلات سے گزرتی ہیں انہی کو ان کا حقیقی احساس اور ادراک ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میںکشمیر پر منعقدہ نیشنل پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج اس کانفرنس میں بلوچستان کے وزراء، اراکین قومی اسمبلی،اراکین صوبائی اسمبلی،سینیٹرز اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقات کے لوگوں کی شرکت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمدردی، یکجہتی اور ان کے غم میں برابر شریک ہونے کا واضح اظہار ہے انہوں نے کہا کہ شاید بہت لوگوں کو علم نہیں ہیں کہ بلوچستان میں بھی ہمارے کشمیری بھائی کئی دہائیوں سے آباد ہیں یہ بھی ایک بنیادی وجہ ہے جس کی وجہ سے ہم انہیں اپنے بہت قریب سمجھتے ہیں 14اگست اور 6 ستمبر پر بلوچستان کے عوام نے کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کی آواز کو عالمی سطح پر بلند کرنے کے لیے بلوچستان بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

یہ اس بات کی کامل دلیل ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنے دلوں میں کشمیری بھائیوں کے لیے درد رکھتے ہیں۔ آج عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ اور کشمیری عوام کے اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حق خودارادیت کو تسلیم نہ کرنا کھلی ہٹ دھرمی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیر بھائیوں کی اس دکھ اور غم کی گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز کو اٹھانے کے لئے ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کریں گے تاکہ کشمیر کامسئلہ عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کررہے ہیں، ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیر کا حل نکال سکتا ہے اس لئے ہمیں مل کر پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر کشمیری کی نظر پاکستان پر ہے اور پاکستان ہی کشمیریوں کو آزادی دلائے گا، پاکستان کشمیریوں کے لئے امید کی کرن تھا اور رہے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرناچاہئے اور ہمیں سوشل میڈیا کو بھی بھرپور طریقے سے استعمال کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ڈھکی چھپی نہیں کہ بھارت خاص طور سے مودی حکومت کبھی بھی اس عمل سے پیچھے نہیں ہٹے گی جو پاکستان کوکمزور کرے لیکن اس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیری عوام 1947سے اپنے حقوق کے حصول کے لئے جانی ومالی قربانیاں پیش کررہے ہیں، اب دنیا کو سمجھ لینا چاہئے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کے حصول تک ختم نہیں ہوسکتی، کشمیر کے ساتھ پارلیمانی یکجہتی کا اظہار دنیا بھر کیلئے پیغام ہے کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات