پاک بھارت کشیدگی عروج پر:

پاکستان نے نریندرمودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا مودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے، ایک وجہ نامناسب رویہ بھی ہے ، شاہ محمود قریشی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:19

پاک بھارت کشیدگی عروج پر:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) پاک بھارت کشیدگی عروج پر ‘ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ بھارت نے گزشتہ روز پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ جرمنی اور اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے ان کے طیارے کو 20 اور 28 ستمبر کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیں۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان نے دونوںممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ درخواست مسترد کر دی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ نریندر مودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاںکر رہا ہے اور کشمیری عوام بھارتی ظلم و بربریت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ بھارت کا نامناسب رویہ بھی ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کو اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔