Live Updates

پیپلز پارٹی کسی قیمت پر میڈیا ٹربیونلز کا بل پاس نہیں ہونے دے گی ‘ بلاول بھٹو زرداری

حکومت سیاسی مخالفوں کی طرح تنقید کرنے والوں کو بھی جھوٹے مقدموں میں جیلوں میں ڈالنا چاہتی ہے‘ چیئرمین پیپلز پارٹی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:22

پیپلز پارٹی کسی قیمت پر میڈیا ٹربیونلز کا بل پاس نہیں ہونے دے گی ‘ بلاول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا ٹربیونلز کے قیام کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مخالفوں کو نشانہ بنانے کی مہم پر ہے،پیپلز پارٹی کسی قیمت پر میڈیا ٹربیونلز کا بل پاس نہیں ہونے دے گی ۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفوں کی طرح تنقید کرنے والوں کو بھی جھوٹے مقدموں میں جیلوں میں ڈالنا چاہتی ہے۔

پی ٹی آئی نے ہٹلر کے دست راست بدنام زمانہ گوئبلز کی یاد تازہ کر دی ہے۔حکومت نے سیاسی مخالفوں اور تنقید کرنے والوں کو خاموش کرنے کا آسان راستہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے نے کہا کہ نام نہاد میڈیا ٹربیونلز بھی مخالفوں اور تنقید کرنے والوں کو نشانہ بنانے کیلئے قائم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے نیب نے ذریعے سیاسی مخالفین کو خاموش کروانے کی کوششیں کی گئیں۔

ان میڈیا ٹربیونلز کا مقصد بھی صرف مخالف اور تنقید کرنے والوں کی آواز دبانا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا بھی مودی کے چیلوں کی طرح کام کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کا کام شہریوں کو آن لائن ہراسان کرنا ہے۔پیپلز پارٹی کسی قیمت پر میڈیا ٹریبیونلز کا بل پاس نہیں ہونے دے گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی میڈیا سینسرشپ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے،پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی علمبردار ہے ،موجودہ حکومت کو کسی قیمت پر بھی آزاد ی صحافت کو نشانہ نہیںبنانے دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات